شہزاد دادا سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی، یوبی ایل میں جانے کا امکان

558

لاہور: شہزاد دادا نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (پاکستان) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) اور صدر کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے اور پرافٹ اردو کو باوثوق ذرائع  سے معلوم ہوا ہے کہ وہ یونائٹڈ بینک لمیٹڈ میں بطور سی ای او ذمہ داریاں سنبھالنے والے ہیں۔

سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (ایس سی بی) کے ترجمان فرحان احمد کے مطابق دادا نے منگل کو مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور قواعد کے مطابق اگلے ہی روز (بدھ) کو بینک نے ان کے استعفیٰ سے متعلق پاکستان سٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا۔

بینک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شہزاد دادا کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2020ء سے ہو گا۔ ان کی جگہ نئی تعیناتی جلد کر دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے چونکہ شہزاد داد کسی اور ادارے میں جانے کے خواہاں ہیں اس لیے ان کا استعفیٰ منظور کیا گیا ہے تاہم بیان میں یو بی ایل سے متعلق نہیں بتایا گیا۔

دادا کے استعفیٰ کے بعد کافی نام زیر گردش ہیں جو متوقع طور پر ان کی جگہ لے سکتے ہیں، ان میں سٹینڈرڈ چارٹرد بینک کے عالمی نیٹ ورک میں سے کچھ نام بھی شامل ہیں، جیسا کہ سی ای او اسلامک بینکنگ (ایس سی بی) ریحان شیخ، گلوبل ہیڈ آف ڈیجیٹل بینکنگ فار ریٹیل (ایس سی بی) علی شان زیدی، ڈائریکٹر آف گلوبل کارپوریٹس (ایس سی بی پی ایل) ارسلان نعیم۔

تاہم بینک کے ترجمان کے مطابق ابھی تک مذکورہ عہدے کیلئے کسی سے بھی رابطہ نہیں کیا گیا اور شہزاد دادا نے بھی یہ نہیں بتایا کہ وہ کس ادارے میں جا رہے ہیں۔

شہزاد دادا اگر یو بی ایل میں جاتے ہیں تو وہ بینک کی سی ای او سیما کامل کی جگہ لیں گے جو اس عہدے پر 28 مارچ 2017 سے کام کر رہی ہیں تاہم جب پرافٹ اردو نے سیما کامل سے ان کی جگہ شہزاد داد کی ممکنہ تعیناتی کے حوالے سے دریافت کیا تو انہوں نے کسی قسم کا جواب نہیں دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here