ایک دن میں سب سے زیادہ 40 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 526، کیسز کی تعداد 22 ہزار 550 ہو گئی

کووِڈ 19 کی عالمگیر وباء نے 2 لاکھ 58 ہزار 338 انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، 37 لاکھ 27 ہزار 800 سے زائد افراد متاثر, 12 لاکھ 42 ہزار سے زائد مریض صحت یاب

712

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 40 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 526 ہو گئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 550 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 6217 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 15 ہزار 807 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک بھر میں 526 اموات میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 194، سندھ میں 148، پنجاب میں 156، بلوچستان میں 21، گلگت بلتستان میں تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

چھوٹی دکانیں، ٹرانسپورٹ، ڈومیسٹک پروازیں کھولنے پر اتفاق 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ملک بھر میں تجارتی مراکز صبح 11 بجے سے شام 5 بجے اور رات 8 سے 12 بجے تک کھولنے کی تجاویز منظور کر لی گئیں۔ تجاویز کی منظوری کے بعد ملک بھر میں تجارتی مراکز 10 مئی سے کھولے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں لاک ڈاون میں نرمی اور آئندہ کی حکمت عملی بالخصوص 9 مئی کے بعد لاک ڈاؤن ختم کرنے یا اس میں توسیع کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

گرمی سے کورونا وائرس کے ختم ہونے کی بات میں کتنی سچائی ہے؟

موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا

کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ

کورونا کے باعث بقا کی جنگ لڑتی کاٹن جننگ انڈسٹری نے حکومت سے مدد مانگ لی

ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر دے گا

این سی او سی میں یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ اسکولز ، شادی ہالز ، ہوٹل اور بڑے شاپنگ مالز  بند رکھے جائیں اور ریلوے سروس بھی فی الحال بحال نہ کی جائے۔

نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ٹرین سروس بحال کرنے پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ چار میں سے تین صوبوں پنجاب ، سندھ اور بلوچستان نے ریل سروس کی بحالی کی مخالفت کی۔

‘لاہور کورونا کا گڑھ بنتا جارہا ہے’

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لاہور کورونا وائرس کا گڑھ بنتا جارہا ہے۔ لاہور میں اب تک 2953 کیسز سامنے آ چکے ہیں ان میں سے 700 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سیمپلنگ کررہے ہیں، جن علاقوں میں کیسز زیادہ ہوں گے وہاں سخت لاک ڈاؤن کریں گے اور کم کیسز والے علاقوں میں نرمی ہوگی تاکہ لوگ اپنا کاروبار کرسکیں۔

پنجاب میں بھی لاک ڈائون میں نرمی

پنجاب حکومت نے صوبے میں سیلونزاور باربر شاپس بھی روزانہ مخصوص وقت تک کھولنے کا فیصلہ کر لیا جس کیلئے تین روز میں ایس او پیز تیار کر لیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پائپ، سٹیل، سپیئر پارٹس اور مشینری، الیکٹرونکس کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس کے علاوہ ٹیکسٹائل انڈسٹری، کنسٹریکشن انڈسٹری اور گلاس مینوفیکچرز کی دکانیں بھی کھولی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں صوبے میں 15 رمضان سے کپڑے کی دکانیں 6 گھنٹے کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا، پارکس کو بھی کھولا جائے گا لیکن پارکس میں لگے جھولے بند رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کا کورونا پوزیٹو آ گیا

 وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، راشد ربانی نے وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

اس سے قبل سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور قرنطینہ میں ہیں۔

عالمی صورت حال

کووِڈ 19 کی عالمگیر وباء نے 2 لاکھ 58 ہزار 338 انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جب کہ وائرس سے 37 لاکھ 27 ہزار 800 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ وائرس سے اب تک 12 لاکھ 42 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 2350 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 72,271 ہو گئی ہے، جب کہ 12 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا کا معاشی قہر، عالمی کاروباری برادری نے طویل کساد بازاری کی پیشگوئی کردی

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

کورونا وائرس ، کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 25 ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے۔ کووِڈ 19 سے متاثر 2 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 25,204 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 30 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد اٹلی سے بھی زیادہ ہو گئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 700 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 29,427 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 94 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 29,315 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 85 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 15 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈھائی سو اموات ہوئیں.

اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 25,613 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فرانس میں 25,531 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کرونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 7,958 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 15 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 600 کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔

بیلجیئم میں 8,016 مریض، جرمنی میں وائرس سے 6,993 مریض (چوبیس گھنٹوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، ایران میں 6,340 مریض، نیدرلینڈز میں 5,168 افراد، چین میں 4,633 (گزشتہ 9 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، کینیڈا میں 4,043، ترکی میں 3,520، سوئیڈن میں 2,854، میکسیکو میں 2,507، سوئٹزرلینڈ میں 1,795، انڈیا میں 1,693، ایکواڈور میں 1,569 (چوبیس گھنٹوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، روس میں 1,451، پیرو میں 1,444، آئرلینڈ میں 1,339، پرتگال میں 1,074، اور اسرائیل میں 238 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here