کراچی: کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اِس سال عیدالفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک کی کورونا کمیٹی کے سربراہ نے عید کے موقع پر نئے نوٹ کے اجرا پر پابندی عائد کی تھی، فیصلہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں کو ایسے کرنسی نوٹ استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جو قرنطینہ میں 14 دنوں کی مدت پوری کر چکے ہوں۔
اس سے قبل 24 مارچ 2020ء کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر سٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو صارفین کو تصدیق شدہ اور جراثیم سے پاک نوٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ بینک ہسپتالوں اور کلینک سے وصول کیے جانے والے کیش کو صاف، جراثیم سے پاک، سِیل اور قرنطینہ کرنے کو یقینی بنائیں گے اور ایسے کیش کو مارکیٹ میں گردش کرنے سے روکا جائے۔