پاکستان میں کورونا سے مزید 40 جاں بحق، ہلاکتیں 526، کیسز کی تعداد 22ہزار 550ہو گئی

مہلک کووِڈ 19 نے 36 لاکھ 46 ہزار انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا، 2 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد ہلاک، 12 لاکھ سے زائد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں

746

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید40 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 526 ہو گئی ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں مزید 1049 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 22 ہزار 550 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 6217 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 15 ہزار 807 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک بھر میں 526 اموات میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 194، سندھ میں 148، پنجاب میں 156، بلوچستان میں 21، گلگت بلتستان میں تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

پاکستان میں اموات میں 100 فیصد اضافہ

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے ہلاکتوں کی شرح دو اعشاریہ تین فیصد ہے اور اموات میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

پاکستان میں پہلی ہلاکت 18 مارچ کو ہوئی جس کے بعد 100ویں ہلاکت 14 اپریل کو ہوئی، یعنی پہلی اور 100ویں ہلاکت میں 27 دن کا وقفہ تھا تاہم اب یہ وقفہ سکڑ کر تین سے چار دن کا رہ گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اموات کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ خیبرپختونخوا ہے جہاں اب تک 185 اموات ہو چکی ہیں۔

بلوچستان حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن میں مزید 15 روزہ توسیع کرتے ہوئے اس 19 مئی تک بڑھا دیا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی ہے اور آج (منگل) دوپہر 12بجے ختم ہونے والے لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کرتے ہوئے اسے 19 مئی تک بڑھا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

گرمی سے کورونا وائرس کے ختم ہونے کی بات میں کتنی سچائی ہے؟

موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا

کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ

کورونا کے باعث بقا کی جنگ لڑتی کاٹن جننگ انڈسٹری نے حکومت سے مدد مانگ لی

ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر دے گا

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب یہاں مقامی منقلی کے کیسز 88 فیصد ہو گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کی وجہ یہی صورتحال ہے۔ اس سے قبل مریضوں کی صحتیابی کی شرح 55 فیصد تھی جو گر کر اب صرف 15 فیصد رہ گئی ہے۔

پاکستانی طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح 75 فیصد

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز شدید متاثر ہونے لگے ہیں، وبا سے طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح میں 75 فی صد اضافہ ہو گیا ہے اور اب تک فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ایک ہفتے میں 200 سے زائد ارکان متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے اب تک 444 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ متاثر ہو چکا ہے، جب کہ 10 میڈیکل ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز میں 216 ڈاکٹرز، 67 نرسز اور 161 دیگر طبی عملے کے لوگ شامل ہیں، ان میں سے 204 گھروں پر آئیسولیشن میں ہیں جب کہ 138 مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 94 خوش نصیب وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال 15 لیڈی ڈاکٹرز میں وائرس کی تصدیق

پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 14 لیڈی ڈاکٹرز اور سٹاف کے 10 ارکان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہسپتال کا گائنی بلاک فی الفور 14 دن کے لیے بند کیا جائے اور ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق ڈس انفیکٹ کرکے کھولا جائے۔

ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس، اوٹی ودیگر اسٹاف کو آئیسولیٹ کیا جائے، 20 اپریل کے بعد گائنی وارڈ میں آئے مریضوں کا ڈیٹا محکمہ صحت کو دیا جائے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے  مہلک کورونا وائرس کا علاج دریافت کر لیا ہے۔ یہ دعویٰ اسرائیلی وزارتِ دفاع اور اسرائیلی انسٹی ٹیوٹ برائے حیاتیاتی تحقیق نے کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے  مذکورہ  تحقیقی ادارے کا دورہ کیا جہاں انہیں کورونا علاج دریافت کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایک ایسی اینٹی باڈی تیار کر لی ہے جس سے کورونا کے علاج میں کامیابی ہو سکتی ہے۔ یہ اینٹی باڈی کورونا وائرس کو مریض کے جسم کے اندر ہی تباہ کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ  فروری میں اسرائیلی وزارت سائنس نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی موت کا سبب بننے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرلی ہے۔

عالمی صورت حال

انسانیت کے لیے انتہائی مہلک کووِڈ 19 کی عالمگیر وباء نے 36 لاکھ 46 ہزار انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ اب تک 2 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، وائرس کا شکار ہونے والے 12 لاکھ سے زائد افراد اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ ۔

کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1300 سے زائد اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 69,921 ہو گئی ہے، جبکہ 12 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا کا معاشی قہر، عالمی کاروباری برادری نے طویل کساد بازاری کی پیشگوئی کردی

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

کورونا وائرس ، کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 25 ہزار کے قریب کیسز سامنے آئے۔ کووِڈ 19 سے متاثر 1 لاکھ 88 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 24,944 ہلاکتیں ہوئیں اور 3 لاکھ 27 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 29,079 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 11 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 83 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 15 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔

برطانیہ بہت تیزی کے ساتھ ہلاکتوں میں اٹلی کے بہت قریب پہنچ چکا ہے، خدشہ ہے کہ برطانیہ اسپین اور فرانس کے بعد اب اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا، برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 288 مریض ہلاک ہوئے، اور وائرس اب تک 28,734 افراد کی جانیں لے چکا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 90 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 25,428 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ فرانس میں 25,201 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کرونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 7,367 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

بیلجیئم میں 7,924 مریض، جرمنی میں وائرس سے 6,993 مریض، ایران میں 6,277 مریض، نیدرلینڈز میں 5,082 افراد، چین میں 4,633 (گزشتہ 8 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، کینیڈا میں 3,854، ترکی میں 3,461، سوئیڈن میں 2,769، میکسیکو میں 2,271، سوئٹزرلینڈ میں 1,784، ایکواڈور میں 1,569، انڈیا میں 1,566، روس میں 1,356، پیرو میں 1,344، آئرلینڈ میں 1,319، پرتگال میں 1,063، اور اسرائیل میں 235 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here