پاکستان میں کورونا سے مزید 22 جاں بحق، ہلاکتیں 460، کیسز کی تعداد 20 ہزار سے زائد

کووِڈ 19 کی وبا دنیا بھر میں ایک دن میں مزید ساڑھے 3 ہزار زندگیاں لے گئی، ہلاکتیں 24 لاکھ 82 ہزار سے زائد ، کیسز کی تعداد 35 لاکھ 66 ہزار سے بڑھ گئی، 11 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد صحت یاب

844

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 22 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 460 ہو گئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار 186 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 5590 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 14 ہزار 134 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک بھر میں 460 اموات میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 180، سندھ میں 130، پنجاب میں 122، بلوچستان میں 21، گلگت بلتستان میں تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

وفاقی حکومت کا لاک ڈائون میں مزید نرمی کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کے مسائل کے پیش نظر لاک ڈائون میں بتدریج کمی کی جائے گی اس سلسلے میں حفاظتی اقدامات پر مبنی ایس او پیز تیار کر لیے ہیں۔

پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کہ معاشی صورتحال اور زمینی حقائق مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کرنے جا رہے ہیں۔ عوامی نمائندگان ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے متحرک کردارادا کریں۔

یہ بھی پڑھیے: 

گرمی سے کورونا وائرس کے ختم ہونے کی بات میں کتنی سچائی ہے؟

موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا

کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ

کورونا کے باعث بقا کی جنگ لڑتی کاٹن جننگ انڈسٹری نے حکومت سے مدد مانگ لی

ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر دے گا

نادرا دفاتر کھل گئے

لاک ڈاون کے سبب ملک بھر میں بند کیے گئے نادرا دفاتر آج سے کھول دیئے گئے ہیں۔ میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا دفاتر پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر4 بجے تک کھلے رہیں گے۔

دفاترکھلتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نادرا مراکز پہنچ گئی، احساس کفالت پروگرام کے لئے بائیو میٹرک کرانے والی خواتین کا ہجوم دیکھنے میں آیا،جبکہ احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

پاکستانی طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح 75 فیصد

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز شدید متاثر ہونے لگے ہیں، وبا سے طبی عملے کے متاثر ہونے کی شرح میں 75 فی صد اضافہ ہو گیا ہے اور اب تک فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ایک ہفتے میں 200 سے زائد ارکان متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس سے اب تک 444 ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ متاثر ہو چکا ہے، جب کہ 10 میڈیکل ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز میں 216 ڈاکٹرز، 67 نرسز اور 161 دیگر طبی عملے کے لوگ شامل ہیں، ان میں سے 204 گھروں پر آئیسولیشن میں ہیں جب کہ 138 مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 94 خوش نصیب وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال 15 لیڈی ڈاکٹرز میں وائرس کی تصدیق

پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 14 لیڈی ڈاکٹرز اور سٹاف کے 10 ارکان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد پروونشل ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہسپتال کا گائنی بلاک فی الفور 14 دن کے لیے بند کیا جائے اور ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق ڈس انفیکٹ کرکے کھولا جائے۔

ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس، اوٹی ودیگر اسٹاف کو آئیسولیٹ کیا جائے، 20 اپریل کے بعد گائنی وارڈ میں آئے مریضوں کا ڈیٹا محکمہ صحت کو دیا جائے۔

پہلی بار کورونا کے علاج کیلئے ایک دوا کی منظوری

امریکا کے ادارے یوایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج کے لیے ایک دوا ریمیڈیسیور کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

یہ پہلی دوا ہے جسے کووڈ 19 کے ایسے مریضوں کے علاج کے لیے منظوری دی گئی ہے جن میں مرض کی شدت زیادہ ہوتی ہے۔

اگرچہ ابھی اس دوا کے محفوظ ہونے یا افادیت کے لیے حوالے سے معلومات محدود ہے مگر رواں ہفتے ایک کلینیکل ٹرائل میں دریافت کیا گیا تھا کہ اس کے استعمال سے کچھ مریضوں کی صحتیابی کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔

عالمی صورت حال

انتہائی مہلک کووِڈ 19 کی عالمگیر وبا نے دنیا بھر میں ایک دن میں مزید ساڑھے 3 ہزار زندگیاں نگل لیں جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 82 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ 66 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ ہلاکتیں 24 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔ وائرس کا شکار ہونے والے 11 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1154 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کورونا ہلاکتوں کی تعداد 68,598 ہو گئی ہے، جب کہ 11 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 27 ہزار کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ 19 سے متاثر 1 لاکھ 78 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 24,648 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 23 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

پڑھیے: 

کورونا کا معاشی قہر، عالمی کاروباری برادری نے طویل کساد بازاری کی پیشگوئی کردی

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

کورونا وائرس ، کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ

یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس اب تک 28,884 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے اور 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 81 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں اور 15 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

برطانیہ بہت تیزی کے ساتھ ہلاکتوں میں اٹلی کے بہت قریب پہنچ چکا ہے، خدشہ ہے کہ برطانیہ، سپین اور فرانس کے بعد اب اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا، برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 315 مریض ہلاک ہوئے اور وائرس اب تک 28,446 افراد کی جانیں لے چکا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

سپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، سپین میں ہلاکتیں 25,264 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔

فرانس میں 24,895 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 68 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کرونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 7,051 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

بیلجیئم میں 7,844 مریض، جرمنی میں وائرس سے 6,866 مریض، ایران میں 6,203 مریض، نیدرلینڈز میں 5,056 افراد، چین میں 4,633 (گزشتہ 7 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، کینیڈا میں 3,682، ترکی میں 3,397، سوئیڈن میں 2,679، میکسیکو میں 2,154، سوئٹزرلینڈ میں 1,762 (گزشتہ دن کوئی ہلاکت نہیں)، ایکواڈور میں 1,564، انڈیا میں 1,391، آئرلینڈ میں 1,303، پیرو میں 1,286، روس میں 1,280، پرتگال میں 1,043، اور اسرائیل میں 232 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here