لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 440 ہو گئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہزار 103 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 4817 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 13 ہزار 846 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک بھر میں 440اموات میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 172، سندھ میں 122، پنجاب میں 120، بلوچستان میں 19، گلگت بلتستان میں تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
پنجاب میں سمارٹ ٹیسٹنگ کا آغاز
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اتوار (یعنی آج) سے صوبے بھر میں چھ ہزار ٹیسٹ روزانہ کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز صوبے میں 3273 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان، گجرات، فیصل آباداور گوجرنوالہ سمیت چھ اضلاع میں سمارٹ ٹیسٹنگ کا پہلا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
گرمی سے کورونا وائرس کے ختم ہونے کی بات میں کتنی سچائی ہے؟
موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا
کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ
کورونا کے باعث بقا کی جنگ لڑتی کاٹن جننگ انڈسٹری نے حکومت سے مدد مانگ لی
ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر دے گا
ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے میں صحافیوں، پولیس اہلکاروں، انتظامی افسران، ہیلتھ ورکرز، ٹی بی اور ایچ آئی وی کے مریضوں، ہسپتالوں میں زیر علاج حاملہ خواتین اور ہسپتال کے عملے کے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔
اس کا مطلب ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر پہلے ان افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے جن کے بارے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال 15 لیڈی ڈاکٹرز میں وائرس کی تصدیق
پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 14 لیڈی ڈاکٹرز اور سٹاف کے 10 ارکان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد پروونشل ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہسپتال کا گائنی بلاک فی الفور 14 دن کے لیے بند کیا جائے اور ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق ڈس انفیکٹ کرکے کھولا جائے۔
ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس، اوٹی ودیگر اسٹاف کو آئیسولیٹ کیا جائے، 20 اپریل کے بعد گائنی وارڈ میں آئے مریضوں کا ڈیٹا محکمہ صحت کو دیا جائے۔
پہلی بار کورونا کے علاج کیلئے ایک دوا کی منظوری
امریکا کے ادارے یوایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج کے لیے ایک دوا ریمیڈیسیور کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
یہ پہلی دوا ہے جسے کووڈ 19 کے ایسے مریضوں کے علاج کے لیے منظوری دی گئی ہے جن میں مرض کی شدت زیادہ ہوتی ہے۔
اگرچہ ابھی اس دوا کے محفوظ ہونے یا افادیت کے لیے حوالے سے معلومات محدود ہے مگر رواں ہفتے ایک کلینیکل ٹرائل میں دریافت کیا گیا تھا کہ اس کے استعمال سے کچھ مریضوں کی صحتیابی کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔
عالمی صورت حال
انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کووِڈ 19 کی عالمگیر وبا نے 34 لاکھ 84 ہزار انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا جبکہ اب تک 2 لاکھ 44 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وائرس کا شکار ہونے والے 11 لاکھ 21 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1700 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 67,444 ہو گئی ہے، جب کہ 11 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
پڑھیے:
کورونا کا معاشی قہر، عالمی کاروباری برادری نے طویل کساد بازاری کی پیشگوئی کردی
عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء
عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی
کورونا وائرس ، کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ
امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 30 ہزار کیسز سامنے آئے۔ کووِڈ 19 سے متاثر ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 24,368 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 19 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔
یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 28,710 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 9 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 80 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 15 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔