لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبے میں کاروبار مرحلہ وار کھولنے کیلئے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں، تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ سندھ میں مزید 35 فیکٹریوں کو لاک ڈائون کے باوجود کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اتوار کو پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجربرادری کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں لاک ڈاؤن کے دوران صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجر برادری کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گی- پنجاب میں مرحلہ وار کا روبار کی اجازت دینے کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔
صنعتکاروں اور تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا- ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صنعت کو بند کر دیا جائے گا-
پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ روڈ سیکٹراور بلڈنگ کے علاوہ تعمیرات سے متعلقہ دیگر صنعتیں کھولنے کی اجازت آئندہ دنوں کے دوران وفاقی حکومت کی مشاورت سے دی جائے گی۔
صوبائی حکومت نے اس حوالے سے سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کی ہیں اور وفاقی حکومت کی مشاورت سے برآمدات کے شعبے سے منسلک فیڈنگ کی صنعت کو بھی کھولا جائے گا-
اس کے مطابق زونز بنا کر مخصوص اوقات اور ایام میں بازار کھولنے کی تجویز دی گئی ہے۔