اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ کورونا وائرس سے متعلق امور پر بدھ کو ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس بحران کے دوران گیٹس فاﺅنڈیشن اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کی طرف سے دی جانے والی امداد کو سراہا اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے کاوشیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوویڈ 19 کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے بھرپور اور مربوط اقدامات کر رہا ہے۔ ہمیں کورونا وائرس پر قابو پانے اور بالخصوص آبادی کے غریب ترین طبقات کو لاک ڈاﺅن اور بھوک کی وجہ سے ان کی زندگیاں بچانے کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ افراد اور کاروبار کے لئے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے، ان اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے میں مدد ملی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضوں میں ریلیف سے متعلق عالمی اقدام کے حوالے سے وزیراعظم کی اپیل اسی تناظر میں ہے۔
بل گیٹس نے کورونا وائرس سے دنیا کو درپیش خطرے کا ذکر کیا اور انہوں نے غریب ترین افراد کی زندگی اور روزگار کے تحفظ کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے سے متعلق اپنی مشترکہ ترجیح کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اس اہم کردار کا بھی ذکر کیا جو پاکستان کا پولیو عملہ اور بنیادی ڈھانچہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ادا کر رہا ہے، پولیو ٹیمیں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کام کرنے والے پولیو ہیلتھ ورکرز کی تربیت میں مدد دے رہی ہے اور وہ مریضوں تک پہنچنے، ٹیسٹنگ اور ذرائع مواصلات کے لئے بھی کام کر رہی ہیں تاکہ وائرس کا پھیلاﺅ روکا جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں بچوں کو بالخصوص پولیو ویکسین کی فراہمی کے معمول کے پروگراموں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اس کام کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد (این آئی ایچ) کی استعداد بڑھانے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔