اسلام آباد: ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی زونگ نے وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 7 ملین روپے عطیہ کیے ہیں۔
زونگ چیف ریگولیٹری آفیسر کامران علی نے بدھ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری کو 7 ملین روپے کا چیک پیش کیا۔
وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زلفی بخاری نے اس موقع پر وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں فیاضی کے ساتھ عطیہ دینے پر زونگ کے چیف ریگولیٹری آفیسر کامران علی کا شکریہ ادا کیا اور پرائیویٹ سیکٹر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کورونا وباء کے خلاف حکومتی کوششوں میں ساتھ دیں۔
اس موقع پر کامران علی نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے کورونا وباء کے خلاف حکومتی کوششوں میں مختلف اقدامات کے ذریعے ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایم اے اور قومی ادارہ صحت کو زونگ کی جانب سے کمیونی کیشن سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔