کراچی : ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے صدر مجیدعزیز کے مستعفی ہونے بعد معروف صنعتکار اسماعیل ستار ای ایف پی کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ ای ایف پی کے سبکدوش صدر مجید عزیزبدستور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن رہیں گے جبکہ ذکی احمد بطور نائب صدر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
ای ایف پی کے اعلامیے کے مطابق اسماعیل ستارایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کی اکنامک کونسل کے چیئرمین ہونے کے علاوہ حب پاک سالٹ ریفائنری کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔
وہ لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں اورکامن ویلتھ انٹرپرائزز،انویسٹمنٹ کونسل کے مشیر سمیت مختلف اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔
اسماعیل ستار کی قیادت میں اکنامک کونسل نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا امیج شاندار انداز میں اجاگر کیا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کیا۔
2018 میں اپنے آغاز کے بعد اہم کاروباری شخصیات، علمی و ماہرین معاشیات اور اہم کنسلٹنٹس پر مشتمل کونسل نے صنعتی تحقیق سے متعلق مطبوعات کا ایک کنسورشیم شائع کیا اورمینوفیکچررز و برآمدکنندگان کو درپیش مسائل پر متعلقہ وزارتوں کے سربراہان کے سامنے مضبوط آواز بلند کی۔
ویلیو ایڈیڈ معدنیات کے طور پر نمک تیار کرنے کے حوالے سے پائینیئر ہونے کے علاوہ اسماعیل ستار نے بلوچستان کی معدنیات پالیسی کو تیار کرنے میں انتھک جدوجہد کی۔