کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ سیشن(سوموار) کو مایوس کن کاروباری آغاز کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس میں منگل کے کاروباری روز کے دوران 238 پوائنٹس اضافہ ہوا اور انڈیکس 32 ہزار 553 پوائنٹس پر بند ہوا۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کو (سوموار) کے کاروباری سیشن کے دوران شئیرز فروخت کرنے سے 1.27 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔
منگل کے کاروباری روز کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 321 پوائنٹس اضافہ سے انڈیکس 32 ہزار 635 پوائنٹس کی بلند سطح تک پہنچ گیا، کے ایس ای 100 انڈیکس 238 پوائنٹس اضافے سے 32 ہزار 553 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 561 پوائنٹس کی بہتری آئی اور یہ 51 ہزار 890 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیرانڈیکس میں 124 پوائنٹس اضافہ سے یہ 22 ہزار 977 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری سیشن کے دوران 151 کمپنیاں مستحکم جبکہ 117 کمپنیاں غیر مستحکم پوائنٹس میں رہیں۔
مجموعی کاروباری حجم گزشتہ سیشن (سوموار) کے 122.28 ملین سے بڑھ کر 157.76 ملین تک جاپہنچا ہے۔ میپل لیف سیمنٹ فیکٹری مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران مستحکم نظر آئی جبکہ یونیٹی فوڈز لمیٹڈ اور ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی نے بھی مثبت کاروبار کیا،
کے ایس ای 100 انڈیکس کو مثبت انداز میں لے جانے کے لیے سیمنٹ، پاور جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن اور فوڈ اینڈ پرسنل کئیر پروڈکٹس کے شعبے معاون ثابت ہوئے، دیگر کمپنیوں میں حب پاور کمپنی لمیٹڈ، اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ اور لکی سیمنٹ لمیٹڈ نے بھی کاروبار پر مثبت اثر ڈالا۔