سیالکوٹ: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں 500 فیکٹریاں حکومت کی جانب سے دیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے بعد دوبارہ سے کھولی گئی ہیں۔
یہ بات انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیربرائے سپیشل ایجوکیشن پنجاب چوہدری محمد اخلاق، صدر ایس سی سی آئی محمد اشرف ملک اور دیگر کاروباری شخصیات اس موقع پر موجود تھے۔
معاونِ خصوصی برائے یوتھ افئیرز نے کہا کہ دوبارہ کھولی جانے والی 500 فیکٹریوں کے مالکان اپنے ملازمین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرانے کی یقین دہانی کرائیں گے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت کی ہیلتھ ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائیں گے۔ کورونا ریلیف فنڈ جلد سیالکوٹ میں بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے کورونا ریلیف فنڈ میں پانچ ملین روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا، اس موقع پر صدر ایس سی سی آئی محمد اشرف ملک نے سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے لیے لاک ڈاؤن کے دوران فیکٹریاں دوبارہ سے کھولنے کی منظوری لینے پر عثمان ڈار اور چوہدری محمد اخلاق کی کوششوں کو سراہا۔