کووڈ 19: پاکستان میں مزید 13 جاں بحق، ہلاکتیں 237، کیسز کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہو گئی

پاکستان میں جولائی کے وسط تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے، پہلے سے کہیں زیادہ موثر اقتدامات کی ضرورت ہے: سربراہ عالمی ادارہ صحت

655

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 237 ہوگئی جبکہ چھ سو سے زائد مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 155 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 2527 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ باقی 8391 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں ہونے والی 237 میں خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 85، سندھ میں 73، پنجاب میں 65، بلوچستان میں 8، گلگت بلتستان میں 3 اور اسلام آباد میں 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

‘وسط جولائی تک دو لاکھ پاکستانی متاثر ہو سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے خبردار کیا ہے کہ اگر وائرس کے خلاف موثر اقدامات نہیں کیے گئے تو پاکستان میں جولائی کے وسط تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

آئی ایم ایف کی کورونا سے نمٹنے کے پاکستانی اقدامات کی تعریف

تاریخی لاک ڈائون کے باعث عالمی معیشت کی شرح نمو میں 3 فیصد گراوٹ متوقع

رواں سال پاکستان کے جی ڈی پی کی شرح نمو میں مزید کمی کا امکان، سٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ جاری

جناب وزیراعظم! آپ غلط کہتے ہیں، پاکستان لاک ڈائون کا متحمل ہو سکتا ہے مگر اس پلان کے تحت ۔۔۔

پاکستان نیشنل اسٹریٹجک تیاری اور رسپانس پلان ورچوئل کانفرنس کے آغاز پر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ کووڈ 19 رسپانس پلان پاکستانی حکومت، اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کی مشترکہ حکمت عملی پر منحصر ہے۔ پاکستان کے کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے جامع پلان پر عمل درآمد کرنے کے لیے ملک کو 59.5 کروڑ ڈالر درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیزی سے پھیلتی وبا کے تناظر میں پاکستان کو پہلے سے کہیں زیادہ، لچکدار اور بروقت مالی اعانت کی ضرورت ہے تاکہ وبا کو محدود کیا جاسکے۔

‘کورونا پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیل چکا’

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت  ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیل چکا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں مقامی طور پر وائرس پھیلنے کی شرح 79 فیصد ہے، محدود وسائل کے باوجود کورونا کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، لیکن بہت سی چیزیں ہمارے کنٹرول میں ہیں، ہم سب کو زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا۔

ویکسین کے ٹرائل کیلئے چینی کمپنی سے مزید معلومات طلب

چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں کووِڈ 19 کی ویکسین کے ممکنہ ٹرائل کی پیشکش پر حکومت نے مزید معلومات طلب کرلیں۔

معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک چینی کمپنی نے ویکسین کے ممکنہ ٹرائلز کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا تھا۔

سماجی روابط کی ویب وسائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم نے کمپنی کو اس حوالے سے مزید معلومات فراہم کرنے کا کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹرائلز سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے سے قبل سیفٹی، ایتھکس، ریگولیشن اور فزیبیلیٹی کے تناظر میں فراہم کردہ معلومات کا متعلقہ ماہرین کے ذریعے جائزہ لیں گے۔

پاکستان میں کووِڈ 19 کے مریضوں پر ویکسین کے ٹرائلز کے حوالے سے انہوں نے کہا ابھی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

‘لاک ڈاؤن میں نرمی سے حالات بے قابو ہوجائیں گے’

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی صورت حال تشویشناک ہے، ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھائی جائے گی تو مریضوں کی اصل تعداد معلوم ہوگی، لاک ڈاؤن میں نرمی کی توحالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔

ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا تھا کہ اللہ کا فرمان ہے کوئی شخص بھوکا نہیں مرےگا، 90 فیصدافرادکوعلامات معمولی ہوتی ہیں،خودٹھیک ہوجاتے ہیں۔

صدرپی ایم اے نے کہا کہ ڈبلیوایچ اودیکھ رہاہےموجودہ صورتحال کےاثرات2سال رہ سکتےہیں، حکومت لوگوں کے بارےمیں سوچے اور اقدامات کرے، یہ مذہب اور تجارت کا معاملہ نہیں ہے، پاکستان میں طبی سہولیات کی پہلے سے ہی کمی ہے۔

سندھ میں نماز تراویح محدود کرنے کا اعلان

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نماز تراویح کو محدود کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت صرف مسجد انتظامیہ کو ہی مسجد میں تراویح پڑھنے کی اجازت ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ گزشتہ 4 جمعہ کی طرح اس جمعہ کو بھی صوبے بھر میں دوپہر 12 سے 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن ہوگا جس میں مسجد میں متعین لوگ باجماعت نماز پڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تراویح کے لیے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا کہ متعین لوگ ہی نماز تراویح مسجد میں پڑھیں اور باقی لوگ گھروں میں تراویح ادا کریں۔

عالمی صورت حال 

کورونا وائرس کی ہلاکت خیز وبا دنیا بھر میں 1 لاکھ 90 ہزار سے زائد انسانوں کی زندگیاں نگل گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 24 لاکھ اٹھارہ ہزار سے تجاوز کرگئی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کا شکار بننے والے 7 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 49 ہزار 800 سے تجاوز کرگئی جبکہ 8 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس نے جتنی تیزی سے اٹلی میں لوگوں کی جانیں نگلیں ہیں اتنی ہی تیزی سے اسپین میں لوگوں کو لقمہ اجل بنایا ہے اور اب تک اسپین میں 22 ہزار 157 افراد کی جانیں نگل چکا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

امریکا میں کورونا وائرس کے باعث 66 لاکھ سے زیادہ ورکرز بے روزگار

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اڑھائی کروڑ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

کوروناوائرس: جرمنی، فرانس، امریکا، برطانیہ کی معیشتیں بد ترین کساد بازاری کے دہانے پر

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

اٹلی میں جان لیوا وبا اب تک 25 ہزار 549 لوگوں کو ہلاک جبکہ 1 لاکھ 89 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر کرچکی ہے۔

فرانس میں وائرس نے 21 ہزار 856 جانیں لیں اور 1 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد کو مریض بنایا جبکہ برطانیہ میں اموات کی تعداد 18738 اور مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ایرانی ڈاکٹروں اور حکام نے وائرس کے پھیلاؤ پر تقریباً قابو پالیا ہے جس کے باعث وہاں ہلاکتوں کی شرح میں کمی آئی ہیں۔ اس کے باوجود وائرس نے 5481 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 87 ہزار سے افراد متاثر ہیں۔

چین نے وائرس پر کئی روز قبل ہی قابو پالیا تھا جس کے باعث وہاں اموات کی شرح تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، چین میں 4632 افراد ہلاک جبکہ 82 ہزار لوگ تاحال متاثر ہیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس سے 5575 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد مریض ہیں، کرونا وائرس نے بیلجیئم میں 6490، سوئٹزرلینڈ میں 1549 اور ترکی میں 5491 انسانی جانیں لیں جبکہ 1 لاکھ 1 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا۔

وائرس برازیل میں بھی 3331، سوئیڈن میں 2021، پرتگال میں 820، کینیڈا میں 2147، انڈونیشیا میں 647، میکسیکو میں 1069، نیدرلینڈز میں 4117 افراد ہلاک 35 ہزار سے زائد متاثر ہیں جبکہ بھارت میں 721 افراد کو لقمہ اجل بنایا جبکہ 23 ہزار افراد متاثر ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here