اسلام آباد: حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے بعد ازٹیکس منافع میں 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایچ بی ایل کے مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران بینک کو 4108 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع ہوا ہے جبکہ جنوری تا مارچ 2019ء کے دوران حبیب بینک کی بعد از ٹیکس آمدنی 3178 ملین روپے رہی تھی۔
اس طرح گزشتہ سال 2019ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال 2020ء کے ابتدائی تین ماہ کے دوران ایچ بی ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 930 ملین روپے یعنی 29 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعد از ٹیکس آمدن میں اضافہ کے نتیجہ میں بینک کی فی حصص آمدن بھی 2.08 روپے کے مقابلہ میں 2.79 روپے فی حصص تک بڑھ گئی ہے۔
جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران بینک کی خالص مارک اپ آمدنی 20 فیصد کے اضافہ سے 23 ہزار 358 ملین روپے کے مقابلہ میں 28 ہزار 13 ملین روپے تک بڑھ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران بینک کے قبل از ٹیکس منافع میں 15 فیصد کمی سے قبل از ٹیکس آمدنی 8435 ملین روپے کے مقابلہ میں 7133 ملین روپے تک کم ہوئی ہے تاہم ٹیکس میں 42 فیصد کی نمایاں کمی سے بینک کے بعد از ٹیکس منافع میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔