اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 11.78 فیصد جبکہ فارماسیوٹیل مصنوعات کی برآمدات میں 4.09 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے9 ماہ جولائی تا مارچ 2019-20ء کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 40 کروڑ 10 لاکھ 26 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران برآمدات کا حجم 35 کروڑ 87 لاکھ 72 ہزار ڈالر رہا تھا۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران چمڑے کی مصنوعات کی ملکی برآمدات میں 4 کرور 22 لاکھ 54 ہزار ڈالر یعنی 11.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات بھی 14.01 فیصد کے اضافہ سے 19 کروڑ 8 لاکھ 2 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 21 کروڑ 75 لاکھ 26 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں۔
ادارہ برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی میں جولائی تا مارچ کے دوران برآمدات کا حجم 166.18 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران برآمدات سے 159.633 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران فارما سیوٹیکلز مصنوعات کی قومی برآمدات میں 6.523 ملین ڈالر یعنی 4 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔