اسلام آباد ہائیکورٹ کا مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن، دو ارکان کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم

568

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) کی چیئرپرسن ودیا خلیل اور دو ارکان کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا ۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن ودیا خلیل سمیت دو ارکان ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹر شہزاد عنصر کی بحالی کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل پر 14 اپریل کو محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ تعیناتیاں درست انداز میں نہیں کی گئیں اس لیے مذکورہ ارکان کی بحالی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

تاہم عدالت نے کہا کہ ان ارکان کی تعیناتی سے لیکر عہدوں سے ہٹانے کے عدالتی حکم تک کی مدت میں کیے گئے تمام فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل ہو گا۔

عدالتی بینچ نے وفاقی حکومت کو 30 دنوں میں شفاف انداز میں خالی آسامیوں پر تعیناتیاں کرنے کا حکم بھی دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن اور 2 ارکان کو عہدوں سے ہٹایا تھا اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے 3 فروری 2020ء کو انہیں عہدوں پر بحال کرنے کا فیصلہ دیا تھا جس کے خلاف وفاق نے انٹراکورٹ اپیل کی جسے منظور کر لیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here