اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سیّد امین الحق نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
بدھ کو وزارت آئی ٹی آمد پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سیّد امین الحق کو سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی اور وزارت کے سینئر افسران نے خوش آمدید کہا اور وزارت کے مختلف سیکشنز اور ذیلی اداروں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزارت کے افسران اور سٹاف ممبران سے ون ٹو ون ملاقات میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ سب مل کر پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی اور ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔
بعد ازاں سیّد امین الحق نے وزارت آئی ٹی اور یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) کے مابین تعاون کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں یو این ڈی پی کے پاکستان میں نمائندہ اگناسیو ارتازا اور وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔
اجلاس میں آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے اور یو این ڈی پی کے نمائندہ نے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو یو این ڈی پی کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ یو این ڈی پی قابل اعتبار شراکت دار ہے جس کے ساتھ وزارت آئی ٹی تعاون جاری رکھے گی۔
یو این ڈی پی کے نمائندہ اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی نے آپس میں لیٹرز کا تبادلہ کیا جس کے تحت وزارت آئی ٹی اور یو این ڈی پی پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے اور حکومت پاکستان کے مختلف اداروں کی جانب سے سروس ڈلیوری کو ڈیجیٹلا ئز کرنے کے حوالے سے مل کر کام کریں گے۔