کورونا پاکستان میں مزید 16 زندگیاں نگل گیا، ہلاکتیں 192، کیسز کی تعداد 9216 ہو گئی

ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، رابطے میں آنے والوں کی تلاش شروع، بلوچستان میں لاک ڈائون میں توسیع

613

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 192 ہوگئی ہے جبکہ سات سو زائد مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 9216 ہوگئی ہے، وائرس کا شکار ہونے والے 2066 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ باقی 6958 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں ہونے والی 192 میں خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 74، سندھ میں 61، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 6، گلگت بلتستان میں 3 اور اسلام آباد میں 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت

نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور وہ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں، فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

آئی ایم ایف کی کورونا سے نمٹنے کے پاکستانی اقدامات کی تعریف

تاریخی لاک ڈائون کے باعث عالمی معیشت کی شرح نمو میں 3 فیصد گراوٹ متوقع

رواں سال پاکستان کے جی ڈی پی کی شرح نمو میں مزید کمی کا امکان، سٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ جاری

جناب وزیراعظم! آپ غلط کہتے ہیں، پاکستان لاک ڈائون کا متحمل ہو سکتا ہے مگر اس پلان کے تحت ۔۔۔

ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہلخانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

واضح رہےکہ فیصل ایدھی نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لیے چیک پیش کیا تھا۔

‘پنجاب میں 90 فیصد کیسز معمولی نوعیت کے ہیں’

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہےکہ  صوبے کے مریضوں میں سے 90 فیصد معمولی نوعیت کے ہیں۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے بتایا کہ نشتر اسپتال کے 53 ڈاکٹروں میں سے27 ڈاکٹروں کے ٹیسٹ مثبت اور 26 کے منفی آئے ہیں جب کہ 3800 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ٹیسٹ کرنے ہیں، اس ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت ہوجائے گی۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 140 چھوٹے بڑے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے، جی ٹی روڈ کورونا وائرس سے متعلق ہمارا ہاٹ اسپاٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ کو کسی نے غلط بریف کیا، میں خود تمام تفصیلات بتاؤں گی، ان  کے تحفظات دور کرنےملتان آئی ہوں، شاہ صاحب نے لیب میں بہتری نہ لانے کی بات کی لیکن ملتان میں3608 ٹیسٹ کیے گئے اور نشتر اسپتال سے وینٹی لیٹر لے کر کہیں اور منتقل نہیں کیے گئے۔

بلوچستان میں لاک ڈائون میں 5 مئی تک توسیع

حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹی فکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں لاک ڈاون میں 5 مئی تک توسیع کردی گئی ہے جس میں تمام پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں عوامی مقامات پر 10یا 10سے زائد افراد کےاجتماع پر پابندی برقرار ہے جب کہ نجی اور سرکاری مقامات پر ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔ اس کے علاوہ درباروں، درگاہوں سمیت تمام مقامات پر اجتماعات پر بھی پابندی برقرار  ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر، بین الاضلاعی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہےگی جب کہ خاتون یا معمرافراد کےعلاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور کار میں 2 افراد سے زائد کی سواری پر بھی پابندی رہے گی البتہ بیمار شخص کی صورت میں کار میں تیسرے شخص کی سواری کی اجازت ہوگی۔

بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے، دفاتر، کوچنگ سینٹرز اور مدارس 31 مئی تک بند رہیں گے جب کہ شاپنگ مالز، سنیما، فارم ہاؤسز، پکنک پوائنٹس، شادی ہالز، لان، جم،کلب سمیت کھیلوں کے میدان، تربیتی مراکز، ہوٹلز، بیوٹی پارلرز، شورومز، لگژری سامان کے اسٹور بھی بند رہیں گے۔

 لاک ڈاؤن میں صرف صحت، خوراک اورفوڈ پیکنگ کے شعبے سے منسلک افراد پابندی سے مستثنی ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کےمطابق  3 فٹ سے زائد فاصلہ برقرار  رکھنے پر بھی سختی سےعملدرآمد ہوگا۔

عالمی صورت حال 

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی جان لیوا وبا کے باعث 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 24 لاکھ 68 ہزار سے زائد ہوگئی۔ وائرس کا شکار ہونے والے 6 لاکھ 48  ہزار سے زائد افراد اب تک صحتیاب ہو چکے ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد خوفناک حد تک بڑھ چکی اور اب تک امریکا میں 40 ہزار 500 سے زائد لوگ دم توڑ چکے ہیں جبکہ 7 لاکھ 63 ہزار اب بھی مریض ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

امریکا میں کورونا وائرس کے باعث 66 لاکھ سے زیادہ ورکرز بے روزگار

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اڑھائی کروڑ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

کوروناوائرس: جرمنی، فرانس، امریکا، برطانیہ کی معیشتیں بد ترین کساد بازاری کے دہانے پر

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

اسپین میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 410 افراد کی اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 453 ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار سے زائد ہے۔

اٹلی میں جان لیوا وبا نے مزید 433 انسانوں کو لقمہ اجل بنا دیا جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 660 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 1 لاکھ 78 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر ہوچکے ہیں۔

فرانس میں وائرس نے 19 ہزار 718 کی جانیں لیں اور 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو مریض بنایا جبکہ برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 596 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 60 تک پہنچ گئی ہے اور مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ایرانی ڈاکٹروں اور حکام نے وائرس کے پھیلاؤ پر تقریباً قابو پالیا ہے جس کے باعث وہاں ہلاکتوں کی شرح میں کمی آئی ہیں۔ اس کے باوجود وائرس نے 5118 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

چین نے وائرس پر کئی روز قبل ہی قابو پالیا تھا جس کے باعث وہاں اموات کی شرح تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، چین میں 4632 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ 82 ہزار لوگ تاحال متاثر ہیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس سے 4642، سوئٹزرلینڈ میں 1393 اور ترکی میں 2017 انسانی جانیں لیں جبکہ 86 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا۔

وائرس برازیل میں بھی 2462، سوئیڈن میں 1540، پرتگال میں 714، کینیڈا میں 1587، انڈونیشیا میں 582، نیدرلینڈز میں 3684، بھارت میں 559 افراد کو لقمہ اجل بنایا جبکہ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ سعودی عرب میں وائرس 97 افراد کی موت کا باعث بنا اور 9 ہزار مریض ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here