کورونا وائرس: مزید 17 افراد جان کی بازی ہار گئے، ہلاکتیں 176، کیسز کی تعداد 8418 ہو گئی

500

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 17 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 176 ہوگئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 8418 ہوگئی ہے، وائرس کا شکار ہونے والے 1970 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ باقی 6272 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں ہونے والی 176ہلاکتوں میں خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 67، سندھ میں 56، پنجاب میں 42، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 3 اور اسلام آباد میں 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

نماز تراویح کیلئے حکومت اور علماء میں 20 نکات پر اتفاق

صدر مملکت اور علمائے کرام کے اجلاس میں مساجد کے احاطے میں نماز تراویح کی ادائیگی پر اتفاق ہوگیا۔

رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر سے متعلق 20 نکاتی تجاوز پیش کی گئی ہیں، مدارس اور امام بارگاہوں میں قالین اور دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، کلورین سے صاف کیے گئے فرش پر نماز ہو گی، 50 سال سے زائد عمر کے افراد، بچے ، زکام ، کھانسی کے مریضوں کا مساجد میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

اسی طرح صف بندی کے دوران نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا، مساجد میں سحری اور افطاری کا اہتمام نہیں ہوگا، رمضان میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے پر حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔

صدر مملکت نے ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھرسے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں سے جید علماء، مشائخ اور مذہبی جماعتوں کے قائدین کی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے: 

آئی ایم ایف کی کورونا سے نمٹنے کے پاکستانی اقدامات کی تعریف

تاریخی لاک ڈائون کے باعث عالمی معیشت کی شرح نمو میں 3 فیصد گراوٹ متوقع

رواں سال پاکستان کے جی ڈی پی کی شرح نمو میں مزید کمی کا امکان، سٹیٹ بینک کی دوسری سہ ماہی رپورٹ جاری

جناب وزیراعظم! آپ غلط کہتے ہیں، پاکستان لاک ڈائون کا متحمل ہو سکتا ہے مگر اس پلان کے تحت ۔۔۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز،  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور  صوبائی گورنرز نے بھی اجلاس میں شرکت۔

اجلاس میں پیر امین الحسنات، علامہ راجہ ناصر عباس، پیر چراغ الدین شاہ، علامہ عارف واحدی، مفتی گلزار نعیمی، علامہ امین شہیدی، ڈاکٹر ساجد الرحمان اور  پیر نقیب الرحمان سمیت دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔

دو کروڑ فیس ماسک سمگل ہونے کے الزامات بے بنیاد

وزارت قومی صحت نےکورونا وائرس سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کےدوران وضاحتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی  جس میں کہا گیا ہے کہ 35 لاکھ ماسک چینی حکومت کی درخواست پر پانچ چینی کمپنیوں کو برآمد کیے لہٰذا  ملک سے 2 کروڑ ماسک اسمگل کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں، فیس ماسکس کی کمی نہیں تاہم اس معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہا ہے۔

وزارت صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں کورونا متاثرین اور ان کے رابطہ داروں کے ٹیسٹ مفت کیے جا رہے ہیں، اپریل کے آخر تک 20 ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کے اہل ہو جائیں گے۔

رپورٹ  کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی سفارش پر پروٹوٹائپ وینٹی لیٹرز مقامی سطح پر بنانے اور  لائسنس ہولڈرز کو ڈبلیو ایچ او کے اسٹینڈرڈ کے مطابق 300 اقسام کے سینیٹائزر بنانے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

 ‘سیل شدہ علاقوں میں دورانِ رمضان بھی مساجد میں عبادت پر پابندی ہوگی’

لاہور میں کورونا وائرس کے باعث سیل کیے گئے علاقوں میں رمضان کے دوران بھی مساجد میں عبادت کی اجازت نہیں ہوگی۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور ذوالفقار حمید کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں  رمضان کے دوران عبادت گاہوں میں افطاری، سحری اور اعتکاف کی اجازت بھی  نہیں ہوگی۔

‘کورونا کی نئی لہر کے لیے مئی کا مہینہ اہم’

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفیٹننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کے لیے مئی کا مہینہ اہم ہے، مئی کے مہینے میں کڑی نگاہ رکھنی ہوگی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حکومت اور نجی سیکٹرکے پاس 4 ہزار وینٹی لیٹرز ہیں جن میں سے  1300 کے قریب وینٹی لینٹرز کورونا مریضوں کے لیے استعمال ہوسکیں گے۔

پاکستان میں پلازمہ ٹیکنیک سے کورونا کے علاج سے متعلق بڑی خبر

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹرطاہرشمسی نے کہا ہے کہ صحت یاب مریض کا پلازمہ دیگر صوبوں کو بھی دینے کو تیار ہیں، لاہور،پشاور اور سکھرمیں رواں ہفتے پلازمہ کی کلیکشن شروع ہوجائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ کورونا سےصحت یاب افراد کی جانب سےپلازمہ کےعطیات میں اضافہ ہورہاہے۔ اس وقت پورےپاکستان میں کوئی بھی ڈاکٹر اپنے کوروناکےمریض کو اس پروگرام میں رجسٹر کروانا چاہےہم پلازمہ فراہم کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ صحت یاب مریض پلازمہ ڈونیٹ کرنے کیلئے ہم سے رابطہ کرسکتےہیں، دو یا 3ہفتے بعد صحت یاب مریض پلازمہ دینے کےقابل ہوجائیں گے ، پلازمہ دینے کیلئے رابطہ کرنیوالوں کو وقت اورتاریخ دی جائے گی، صحت یاب مریض کراچی،جامشورو آکر بھی پلازمہ دے سکتے ہیں۔

پنجاب میں طبی عملے کے 165 اراکین کورونا وائرس سے متاثر

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مطابق صوبہ پنجاب میں طبی عملے کے 165 اراکین کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

جس میں 105 ڈاکٹر اور 60 نیم طبی عملے کے اراکین اور نرسیں شامل ہیں۔ اس میں صرف ملتان میں 26 ڈاکٹر اور 19 پیرا میڈیکس سٹاف شامل ہے۔

ینگ ڈاکٹرز اسوسی ایشن پنجاب کے پیٹرن ان چیف عاطف مجید چوہدری کے مطابق انھوں نے طبی عملے کے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے اور اپنے مطالبات کے حق میں لاہور میں پانچ روز سے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کررکھا ہے، جس کے تین اہم مطالبات حکومت کو پیش کر دیے گئے ہیں۔

‘پاکستان آکر مرنا چاہتی ہوں’

پروازوں پر پابندی کے باعث امریکا میں پھنس جانے والی اداکارہ میرا نے انتہائی جذباتی انداز میں وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بیرون ملک اس طرح کے حالات میں نہیں بلکہ پاکستان آکر اپنے ملک میں مرنا چاہتی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق میرا کا کہنا ہے کہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ مر رہے ہیں، نیویارک قبرستان میں تبدیل ہورہا ہے، میرے پاس رقم ختم ہوچکی ہے، گزارہ مشکل ہوگیا ہے، ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ساتھ شوٹنگ کیلئے امریکا آئی تھی، تمام ساتھی فنکار واپس جاچکے ہیں میں تنہا امریکا میں پھنس گئی ہوں۔

میرا نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے، میری وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 30 اپریل تک ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں بند ہیں البتہ مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔

عالمی صورت حال 

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی جان لیوا وبا کے باعث 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 24 لاکھ سے زائد ہوگئی۔ وائرس کا شکار ہونے والے 6 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد اب تک صحتیاب ہو چکے ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد خوفناک حد تک بڑھ چکی اور اب تک امریکا میں 40 ہزار 500 سے زائد لوگ دم توڑ چکے ہیں جبکہ 7 لاکھ 63 ہزار اب بھی مریض ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

امریکا میں کورونا وائرس کے باعث 66 لاکھ سے زیادہ ورکرز بے روزگار

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اڑھائی کروڑ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

کوروناوائرس: جرمنی، فرانس، امریکا، برطانیہ کی معیشتیں بد ترین کساد بازاری کے دہانے پر

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

اسپین میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 410 افراد کی اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 453 ہوگئی جبکہ متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار سے زائد ہے۔

اٹلی میں جان لیوا وبا نے مزید 433 انسانوں کو لقمہ اجل بنا دیا جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 660 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 1 لاکھ 78 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر ہوچکے ہیں۔

فرانس میں وائرس نے 19 ہزار 718 کی جانیں لیں اور 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو مریض بنایا جبکہ برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 596 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار 60 تک پہنچ گئی ہے اور مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ایرانی ڈاکٹروں اور حکام نے وائرس کے پھیلاؤ پر تقریباً قابو پالیا ہے جس کے باعث وہاں ہلاکتوں کی شرح میں کمی آئی ہیں۔ اس کے باوجود وائرس نے 5118 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 82 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

چین نے وائرس پر کئی روز قبل ہی قابو پالیا تھا جس کے باعث وہاں اموات کی شرح تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، چین میں 4632 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ 82 ہزار لوگ تاحال متاثر ہیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس سے 4642، سوئٹزرلینڈ میں 1393 اور ترکی میں 2017 انسانی جانیں لیں جبکہ 86 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا۔

وائرس برازیل میں بھی 2462، سوئیڈن میں 1540، پرتگال میں 714، کینیڈا میں 1587، انڈونیشیا میں 582، نیدرلینڈز میں 3684، بھارت میں 559 افراد کو لقمہ اجل بنایا جبکہ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ سعودی عرب میں وائرس 97 افراد کی موت کا باعث بنا اور 9 ہزار مریض ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here