لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 159 ہوگئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد سات ہزار993 ہوگئی ہے، وائرس کا شکار ہونے والے 1868 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ باقی 5966 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئےسرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں ہونے والی 159 ہلاکتوں میں خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 60، سندھ میں 56، پنجاب میں 42، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 3 اور اسلام آباد میں 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
نماز تراویح کیلئے حکومت اور علماء میں 20 نکات پر اتفاق
صدر مملکت اور علمائے کرام کے اجلاس میں مساجد کے احاطے میں نماز تراویح کی ادائیگی پر اتفاق ہوگیا۔
رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر سے متعلق 20 نکاتی تجاوز پیش کی گئی ہیں، مدارس اور امام بارگاہوں میں قالین اور دریاں نہیں بچھائی جائیں گی، کلورین سے صاف کیے گئے فرش پر نماز ہو گی، 50 سال سے زائد عمر کے افراد، بچے ، زکام ، کھانسی کے مریضوں کا مساجد میں داخلہ ممنوع ہوگا۔
اسی طرح صف بندی کے دوران نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے گا، مساجد میں سحری اور افطاری کا اہتمام نہیں ہوگا، رمضان میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے پر حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔
صدر مملکت نے ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھرسے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں سے جید علماء، مشائخ اور مذہبی جماعتوں کے قائدین کی شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور صوبائی گورنرز نے بھی اجلاس میں شرکت۔
اجلاس میں پیر امین الحسنات، علامہ راجہ ناصر عباس، پیر چراغ الدین شاہ، علامہ عارف واحدی، مفتی گلزار نعیمی، علامہ امین شہیدی، ڈاکٹر ساجد الرحمان اور پیر نقیب الرحمان سمیت دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔
کراچی میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کیلیے ماسک لازمی
کمشنر کراچی نے شہر میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیےماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے جب کہ کمشنر نے شہر میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک بیکریاں اور تندور کھولنے کی بھی اجازت دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مسافروں کیلئے نئی ایس او پیز
کورونا وائرس کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے 18 سے 30 اپریل تک مسافروں کے لئے نئی ہیلتھ پالیسی کا اعلان کردیا۔ ہیلتھ فارم میں درج تمام ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔
فضائی سفرکرنے والے مسافروں کے لیے ہیلتھ فارم دینا لازمی ہو گا، فارم میں نزلہ، زکام، کھانسی اورگلے کی خراش سے متعلق معلومات درج کی جائیں گی۔
سی اے اے کے مطابق ائیرپورٹ آمد اورروانگی کے وقت درج تمام ایس اوپیزپرعملدرآمد لازمی ہوگا جبکہ متعلقہ صحت افسر کی ہدایت پر قرنطینہ ہونے کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔
مسافرقرنطینہ کی مدت میں توسیع اور قرنطینہ کے دوران حکام کے مطابق ضرورت پر خوراک کی قیمت ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
حکومت مسافروں کی ترجیحات کے مطابق رہائش دینے کی پابند ہوگی جب کہ مسافرغلط معلومات دینے پر سزا کا مرتکب ہوگا۔
عالمی صورت حال
کورونا وائرس کی عالمی وبا سے 210 ممالک میں ہلاکتیں بڑھ کر ایک لاکھ 60 ہزار 767 ہو گئیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 23 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہو گئی۔ وائرس کا شکار ہونے والے 6 لاکھ مریض اب تک صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہوگئی، وائرس کے باعث اموات بھی بڑھ کر 39 ہزار 15 ہو گئی ہیں۔