کورونا وائرس: مزید تین افراد جاں بحق، ہلاکتیں 93، کیسز کی تعداد 5496ہوگئی

سپریم کورٹ کا کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان، برہمی کا اظہار، وزیر اعطم کے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کو عہدے سے ہٹانے کا کہہ دیا

550

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید تین افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 93 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 5496 تک پہنچ گئی، اب تک وائرس کا شکار ہونے والے 1097 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ باقی 4306 افراد مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 44 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں ہونے والی 93 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 34، سندھ 30 اور پنجاب میں 23 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

‘ظفر مرزا کو عہدے سے برطرف کیا جائے’

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کو عہدے سے ہٹانے کا کہہ دیا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کورونا سے متعلق حکومتی اقدامات پر از خود نوٹس کی سماعت کی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے حکومتی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ نے ابھی تک کچھ بھی نہیں کیا، وزراء اور مشیروں کی فوج در فوج ہے، مگر کام کچھ نہیں، مشیروں کو وفاقی وزراء کا درجہ دے دیا، مبینہ طور پر کرپٹ لوگوں کو مشیر رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ

کورونا وائرس ، کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ

کورونا وائرس، صنعتی و کاروباری بقاء کے لیے کیا اقدامات کرنے کی ضرورت ہے؟

کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو نقصان، لیکن ٹیکنالوجی کمپنیوں کے وارے نیارے

اس پر اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ سر آپ ایسی بات نا کریں، چیف جسٹس نے جواباً کہا کہ میں نے مبینہ طور پر ان کو کرپٹ کہا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس وقت ظفر مرزا کیا ہے اور اس کی کیا صلاحیت ہے؟ ہم نے حکم دیا تھا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کرے، پوری دنیا میں پارلیمنٹ کام کررہی ہیں، عدالت کے سابقہ حکم میں اٹھائے گئے سوالات کے جواب نہیں آئے اور ظفر مرزا نے عدالتی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

جسٹس گلزار نے مزید ریمارکس دیے کہ کابینہ کا حجم دیکھیں، 49 ارکان کی کیا ضرورت ہے؟ مشیر اور معاونین نے پوری کابینہ پر قبضہ کر رکھا ہے، اتنی کابینہ کا مطلب ہے کہ وزیراعظم کچھ جانتا ہی نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ ظفر مرزا کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں،  آج انہیں ہٹانے کا حکم دیں گے۔

اس  پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس موقع پر ظفر مرزا کو ہٹانا بڑا تباہ کن ہوگا،  آدھی فلائٹ میں ان کو نا ہٹائیں، عدالت ان کا معاملہ حکومت پر چھوڑ دے۔

ڈبلیو ایچ او سے حفاظتی سامان کی آمد 

عالمی ادارہ صحت نے (ڈبلیو ایچ او) کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی سامان پاکستان کو فراہم کردیا۔

عالمی ادارہ  صحت کے نمائندے نے حفاظتی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) حکام کے سپرد کیا جس میں 15 ٹیسٹنگ مشینیں اور 15 ہزار کٹس شامل ہیں۔

 اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا گناراتھا نے کہا کہ عالمی ادارے نے یہ آلات کوروناوائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں میں تعاون کے طور پر دیے ہیں۔

اس متعلق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان ملک میں تیار ہو رہا ہے۔

پاکستانی ماہرین کا ویکسین بنانے کا دعویٰ

ڈاؤیونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا کے علاج کے لیے ویکیسن تیارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی کے مطابق انٹرا وینیس امیونوگلوبیولن ویکسین کوروناکے خلاف جنگ میں اہم پیشرفت ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ صحت یاب مریضوں کے جسم سے حاصل شفاف اینٹی باڈیز سےگلوبیولن تیارکی گئی ہے، ڈاؤ کے ماہرین نے تیارگلوبیولن کی ٹیسٹنگ اور اینمل سیفٹی ٹرائل بھی کامیابی سے کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گلوبیولن کی تیاری کورونا بحران میں امید کی کرن ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ماہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے انسانی جین میں ہونے والی ایسی تبدیلیوں کا پتا لگالیا جو کورونا وائرس کا خاتمہ کرسکتی ہیں۔

ماہرین کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ ان کے اختیار کردہ طریقے سے کسی شخص میں کورونا وائرس ہونے یا نہ ہونے کا پتا بھی لگایا جاسکے گا۔

پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع

حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

 ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق 21 اپریل تک ملک میں اندرون ملک اور  اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن معطل رہے گا۔

ٹرین سروس رمضان تک بند رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی کوآرڈینیشن اور آپریشن سینیٹر کے اجلاس ہوا جس میں وزیر ریلوے شیخ رشید اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک بھر میں ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ رمضان سے قبل کیا جائے گا۔ ریلوے کو بندش کے باعث یومیہ 20 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

سرحدیں مزید دو ہفتے بند رکھنے کا اعلان

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر  تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق وزارت داخلہ نے تمام بارڈرز 2 ہفتے تک مزید بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزرات داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ کورونا پھیلاو کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 13 مارچ 2020 کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں ابتدائی طور پر 14 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد اس 14 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی۔

عالمی صورت حال 

دنیا بھر میں کورونا  کے مہلک  وائرس کے متاثرین کی تعداد 18 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات کی تعداد 114,253 ہوگئی ہے۔ جان لیوا وائرس کورونا سے اب تک 2805892  مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ  اور برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے اٹلی میں اب تک 19899اور سپین میں 17209 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 556044 ہے۔ امریکہ اموات کی تعداد کے حوالے سے سب سے آگے ہے جہاں 22 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

کوروناوائرس: جرمنی، فرانس، امریکا، برطانیہ کی معیشتیں بد ترین کساد بازاری کے دہانے پر

امریکا میں کورونا وائرس کے باعث 66 لاکھ سے زیادہ ورکرز بے روزگار

ٹرمپ کی دھمکی پر بھارت ہائیڈوکسی کلوروکوئن امریکا کو دینے پر آمادہ

برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد10612  سے تجاوز کرگئی ہے۔ یورپی ملک فرانس میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد14393 ہوگئی ہے۔

بھارت میں وائرس سے 331افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 108 نئے کیس سامنے آئے ہیں جو کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہے۔

یہ گذشتہ پانچ ہفتوں میں چین میں کورونا وائرس کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے جن میں ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو بیرون ملک سے سفر کرکے آئے ہیں۔

چین کے قومی ہیلتھ کمیشن کے مطابق ان کیسز میں 98 ایسے تھے جو بیرونِ ملک سے آئے تھے۔ اس کے علاوہ 61 افراد ایسے بھی ہیں جن کے ٹیسٹ تو مثبت آئے لیکن ان میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

اب تک چین میں مجموعی طور پر 82160 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 3341 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادھر میکسیکو میں صحت کے حکام کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 442 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کورونا وائرس سے 23 اموات ہوئیں۔ ملک میں اب تک 4661 متاثرین اور 296 اموات ہو چکی ہیں۔

گذشتہ ہفتے میکسیکو کے ڈپٹی وزیرِ صحت ہیوگو لوپیزگاٹیل نے کہا تھا کہ ملک میں اس 26 ہزار پانچ سو کورونا مریض موجود ہوسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here