لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کے باعث دیگر شہروں کی طرح لاہور کے عوام کی اکثریت بھی گھروں تک محدود ہے اور شائد یہی وجہ ہے کہ برائلر چکن کے استعمال میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ اس کی طلب برھنے کے ساتھ قیمتیں بھی اچانک بڑھ گئی ہیں۔
لاک ڈائون کی وجہ سے سپلائی متاثر ہونے سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں برائلر چکن کی قیمت میں 21 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا اور اکثر جگہوں پر چکن 170 روے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔
دیگر اشیائے خورونوش کے بعد برائلر کی قیمتوں میں بھی اضافے پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا۔
ایک پولٹری شاپ پر چکن خریدنے آئی نسرین حمید نامی خاتون کا کہنا تھا، “لاک ڈائون کے دوران جبکہ لوگ گھروں میں مقید ہیں، قیمتیں بڑھانے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، ڈیلی ویجرز سمیت اکثر لوگوں کی آمدن پہلے ہی متاثر ہوئی ہے، اوپر سے قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں تو لوگ گزارا کیسے کریں گے؟”
ایک اور کسٹمر نے کہا کہ ایک طرف حکومت مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قلت نہ ہونے کے دعوے کر رہی ہے دوسری جانب صرف دو دنوں میں برائلر چکن کی قیمت میں اچھا خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا، “میں خود دکاندار ہوں، جانتا ہوں کہ گزارہ کرنا کس قدر مشکل ہو گیا ہے کیونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے کچھ مخصوص وقت کیلئے ہی دکان کھول پاتا ہوں۔ معلوم نہیں یہ سپلائی کا مسئلہ ہے یا لوگ خود ہی چکن مہنگا بیچ کر پیشہ بنا رہے ہیں۔”
تاہم ایک پولٹری شاپ کے مالک نے بتایا کہ قیمت میں اضافہ اس لیے ہوا ہے کیونکہ چکن کی طلب بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا، “لوگ اب چکن زیادہ خرید رہے ہیں شائد انہیں ڈر ہے کہ آئندہ دنوں میں یہ نہ ملے، طلب بڑھنے اور رسد میں کمی کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں، پہلے جو کسٹمر تین کلو خریدتا تھا اب چھ کلو لے کر جا رہا ہے، لوگوں کی طلب پوری کرنا مشکل ہو رہا ہے۔”
اس حوالے سے جب پنجاب برائلر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی طلب و رسد کے فرق کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ قرار دیا۔