اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران طبی آلات اور جراحی کی مصنوعات کی برآمد میں 7.05 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری 2019-20ء) کے دوران برآمدات کا حجم 271.059 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2018-19ء کے دوران طبی آلات اور جراحی کی مصنوعات کی برآمدات 253.217 ملین ڈالر رہی تھیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں کے دوران برآمدات میں 17.842 ملین ڈالر یعنی 7 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کٹلری کی مصنوعات کی برآمد 7.80 فیصد اضافہ سے 58.142 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 62.676 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔
ادھر گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ادویات وغیرہ کی برآمدات 139.487 ملین ڈالر رہی تھیں جو رواں مالی سال میں 149.540 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔
پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں کیمیکلز کی برآمدات میں 24.20 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور برآمدات کا حجم جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 2019-20 ء کے دوران 291.188 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2018-19ء میں کیمیکلز کی برآمدات سے 385.494 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔