کورونا، بڑے شاپنگ مالز دکانداروں کو کرایوں میں چھوٹ دینے پر رضامند

ڈولمن مال، پیکجز مال، لکی ون مال، سینٹارس اور مال آف لاہور کرایوں میں چھوٹ دینے والوں میں شامل، کچھ مالزکی جانب سے ایک ماہ اور کچھ کا تین ماہ کی رعایت دینے کا اعلان

952

لاہور: کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ حالات کے پیش نظر ملک کے تقریباً تمام بڑے شاپنگ مالز نے اپنے ریٹیل دکانداروں کے اپریل کے کرائے معاف کردیے ہیں، ان شاپنگ مالز میں ڈولمن مال، پیکجز مال، لکی وَن مال، سینٹورس اور مال آف لاہور شامل ہیں۔

کچھ شاپنگ مالز نے اپریل کے کرائے معاف کرنے کے علاوہ مارچ اور مئی کے کرایوں میں کمی بھی کردی ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب ریٹیلرز کی دو بڑی تنظیموں پاکستان ریٹیل بزنس کونسل (پی آر بی سی) اور چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) نے شاپنگ مالز کی انتظامیہ کو خطوط لکھ کر لاک ڈاون کی وجہ سے پیدا شدہ حالات کے باعث کرایوں میں ریلیف دینے کا مطالبہ کیا کیونکہ لاک ڈائون کی وجہ سے گزشتہ تین ہفتوں سے کاروبار بند ہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق ریٹیلروں کی یہ دونوں تنظیمیں عموماً ہر معاملے پر اختلاف رکھتی ہیں مگر کرایوں میں چھوٹ کے معامے پر ان کے اکٹھ کی وجہ سے شاپنگ مالز یہ درخواست ماننے پر مجبور ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان ریٹیل بزنس کونسل میں گل احمد، آؤٹ فٹرز، کھادی، باٹا، سروس شوز اور دیگر بڑے ریٹیلرز شامل ہیں جس کی کراچی میں سربراہی گل احمد کے زیاد بشیر جبکہ لاہور میں سروس سیلز کارپوریشن کے شاہد حسین کر رہے ہیں۔

چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان میں سفائر، بریزے، ماریا بی ، سٹائلو سمیت 200 سے زیادہ ریٹیل برانڈز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وائرس، دنیا میں ایک ارب 25 کروڑ لوگوں کے روزگار کو خطرہ

جاز ٹیلی کام کا کورونا فنڈز میں 1.2 ارب روپے امداد دینے کا اعلان

پاکستان میں کورونا سے مزید تین اموات، ہلاکتیں 58، مصدقہ کیسز کی تعداد 4190 ہو گئی

ذرائع کا کہنا تھا کہ ریٹیلرز کی جانب سے لاہور کے لنک روڈ، ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی اور دوسری مارکیٹوں کے دکان مالکوں کو بھی کرائے کی چھوٹ کی درخواست دی گئی تھی مگر انکی جانب سے اس ضمن میں ابھی تک کوئی لچک نہیں دکھائی گئی۔

تاہم شاپنگ مالز کے اقدام کے بعد ریٹیلرز انفرادی دکان مالکان پر دباؤ ڈالنے کی بہتر پوزیشن میں آگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرایوں میں چھوٹ کا یہ مطلب نہیں ہے کہ مالز کے کرایے داروں کو کوئی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی بلکہ وہ تو اب بھی کامن ایریا مینٹیننس چارجز ادا کر رہے ہیں اور یہ آئندہ بھی ادا کرنا ہوں گے۔

کچھ مالز کی جانب سے کامن ایریا مینٹیننس چارجز میں تیس سے پچاس فیصد تک چھوٹ دی گئی ہے جبکہ کچھ مال صرف اس ضمن میں آنے والے اخراجات ہی وصول کریں گے۔

ریٹیلروں کی جانب سے کرائے میں کمی کی دی گئی درخواست کے جواب میں لکی ون مال کا کہنا تھا کہ مال اپنے ریٹیلروں کیساتھ طویل مدتی شراکت داری کی خاطر کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات کے تناظر میں اپریل کا کرایہ مکمل طور پر جبکہ مئی کا پچاس فیصد اور جون کا پچیس فیصد معاف کرنے کا اعلان کرتا ہے۔

اسی طرح سینٹورس مال کی جانب سے بھی ایک مہینے کے کرائے میں چھوٹ کا اعلان کیا گیا ہے تاہم یہ چھوٹ سال کے آخر میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔

سینٹورس انتظامیہ  کا کہنا ہے یہ چھوٹ میں ریستوران، فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس اور بنکوں کے لیے نہیں ہے اور کامن ایریا مینٹیننس چارجز ہر کسی کو ادا کرنا ہونگے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تقریبا تمام بڑے مالز کی جانب سے کرایوں میں چھوٹ کا اعلان کیا گیا سوائے ایمپوریم مال کے جس نے اس ضمن میں کوئی  نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here