کورونا وائرس: مزید دو افراد کی موت سے ہلاکتیں 47، مریضوں کی تعداد 3482 ہو گئی

206

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید دوافراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئی جب کہ تین سو سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 3482 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 283 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 16 خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں، سندھ میں 15، پنجاب  میں12، گلگت  بلتستان میں تین اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

کورونا کیسز کی تعداد 50 ہزارتک پہنچنےکا خدشہ

حکومت کی جانب سے کوروناوائرس سےبچاؤکے قومی ایکشن پلان سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہےکہ 25 اپریل تک کورونا کیسزکی تعداد 50 ہزارتک پہنچنےکاخدشہ ہے۔ جن میں سات ہزار کیسز سنگین نوعیت اور اڑھائی ہزار کے قریب کیسز تشویش ناک ہوسکتے ہیں۔

حکومتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 25 اپریل تک کورونا کےمصدقہ کیسز کی تعداد یورپ سےکم ہوگی اور 25 اپریل تک وائرس کی ٹیسٹنگ سہولت میں اضافہ کیاجائےگا، 366 ملین امریکی ڈالرکی لاگت سے ایمرجنسی پلان کا اطلاق کردیا ہے۔

لاک ڈائون کیخلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے کی چھوٹ کے بعد باہر آنے والے شہریوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایمبولینس، گڈز ٹرانسپورٹ، میڈیا، ڈاکٹرز اور پولیس کے علاوہ غیر ضروری افراد کو باہر نکلنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سی سی پی او لاہور کی جانب سے جاری ہدایت میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صبح 8 سے رات 8 کے درمیان اپنے ضروری کام نمٹا لیں، رات 8 بجے کے بعد شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

سندھ کی مزید ٹیسٹنگ کٹس منگوانے کی منظوری

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کے لیے برطانیہ اور کینیڈا سے لاکھوں کٹس درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری سرمایہ کاری سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کورونا کی 7500 ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں جو ایک ہفتے کے لیے کافی ہیں۔

وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے اجلاس میں بتایا کہ آئندہ تین دن میں 15 ہزار کٹس مزید آ جائیں گی۔مراد علی شاہ نے برطانیہ سے 2 لاکھ کٹس فوری درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔

طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دے گی۔

ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کے خلاف ڈاکٹرز ہمارے سپاہی ہیں، کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر اورپولیس صف اول میں کھڑے ہیں، ہم وبا کے خلاف برسر پیکار تمام اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر ایک شخص کو گولی مار دی گئی

فلپائن میں ایک شخص کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کے دوران پولیس افسران کو مشتعل کرنے اور ماسک نہ پہننے پر گولی مار دی گئی، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہو گیا۔

فلپائنی صدر روڈریگو دوٹیرٹے نے دو اپریل کو قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے اور وبا کے دوران پریشانی کھڑی کرنے والوں کو گولی مارنے کا حکم دیا تھا، یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے کہ کرونا وائرس پابندیوں کی خلاف ورزی پر کسی شہری کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہو۔

عالمی صورت حال

دنیا کے 206 ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی، اب تک عالمی سطح پر وائرس 64 ہزار 743 جانیں لے چکا ہے۔  وائرس کے تیزی سے پھیلائو کے باعث خدشہ ہے آیندہ ایک ہفتے کے دوران یہ ہلاکتیں 1 لاکھ تک پہنچ جائیں گی۔

اٹلی میں وائرس کے باعث سب سے زیادہ 15 ہزار 362 اموات واقع ہو چکی ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، 4 ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 21 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اسپین میں بھی اموات کی تعداد نہایت تیزی سے بڑھتی جا رہی ہیں، اب تک 11 ہزار 947 افراد کورونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسپین میں وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر امریکا کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ اس وقت اسپین دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 1 لاکھ 26 ہزار ہو چکی ہے۔ 34 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن ساڑھے 6 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

امریکا میں مسلسل چوتھے روز کورونا ایک ہزار سے زائد جانیں لے گیا، امریکا میں اموات کی تعداد 8 ہزار 454 ہو گئی ہے، اموات کی تعداد کی لحاظ سے امریکا دنیا کا تیسرا ملک ہے، تاہم وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد کے لحاظ سے تاحال پہلا ملک ہے جہاں 3 لاکھ 11 ہزار سے بھی تعداد تجاوز کر چکی ہے۔

اب بھی امریکا میں 8 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ نیویارک میں 24 گھنٹے میں ریکارڈ 630 افراد ہلاک ہوئے، جہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 560 ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں ایک دن میں 700 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 313 ہو گئی ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس سے 41 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں 55 ہزار افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 3452 اموات ہو چکی ہیں، بھارت میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہوگئی، سعودی عرب میں 2370 افراد متاثر ہو چکے جب کہ اموات کی تعداد 29 ہو گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here