اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرونے کہا ہے کہ فی الوقت پاور پلانٹس کی نجکاری سے متعلق مقرر کردہ میعاد میں کوئی تبدیلی نہیں کی ۔ نجکاری سے پیشتر تمام قانونی اور انتظامی معاملات پر مستعدی سے پیش رفت جاری ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے پاور پلانٹس اور پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے توانائی ندیم بابر اور چیئر مین نیپرا نے شرکت کی۔
پریس ریلیز کے مطابق حویلی بہادرشاہ اور بلوکی پلانٹس سے متعلق ٹیرف اور دیگر معاملات طے پا گئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرونے موجودہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کاروں سے آن لائن رابطے کئے۔
وفاقی وزیر نے رواں ہفتہ میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق متعلقہ سرمایہ کار کنسورشیم سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پاک چائنہ کنسورشیم کے مالیاتی مشیروں نے ڈیو ڈیلی جینس کی ابتدائی رپورٹ بذریعہ ای میل بھیج دی۔ کرونا کے خطرے کے پیش نظر اسٹیل ملز کے معائنہ کے لیئے سرمایہ کار کمپنی نے وزارت نجکاری سے مزید مہلت کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری محمدمیاں سومرونے کہاہے کہ فی الوقت پاور پلانٹس کی نجکاری سے متعلق مقرر کردہ میعاد میں کوئی تبدیلی نہیں کی ۔نجکاری سے پیشتر تمام قانونی اور انتظامی معاملات پر مستعدی سے پیش رفت جاری ہے۔
اسٹاک مارکیٹ کی صورتحال میں مثبت تبدیلی اور کرونا کے خاتمے کے بعد نجکاری معاملات میں خاطر خواہ تیزی متوقع ہے۔
وفاقی وزیر محمد میاں سومرو بذات خود منتخب شدہ سیکٹرز کی نجکاری کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیرنے وزارت کے حکام کو محتاط انداز میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہفتہ وارانہ پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔