لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 45 تک جاپہنچی ہے جب کہ 112 مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2921 ہو گئی ہے۔وائرس کا شکار ہونے والے 171افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 15 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ پنجاب میں12، خیبرپختونخوا میں 14، گلگت بلتستان میں تین اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی سیکرٹری وزارتِ نیشنل ہیلتھ کی سپریم کورٹ میں کورونا کیسوں کی تعداد سے متعلق رپورٹ کے بعد پنجاب میں کورونا وائرس کے تازہ کیسوں کی تعداد سامنے آئی ہے اور ایک ہی روز میں آج 64 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس سے پنجاب میں مذکورہ کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 1197 ہو گئی ہے۔ جبکہ سندھ میں بھی آج 30 نئے کیس سامنے آنے کے نتیجے میں تعداد 869 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی دو کیسز رپورٹ ہونے کے ساتھ تعداد 374 جبکہ گلگت بلتستان میں 13 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یہ تعداد 206 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی دارلحکومت میں بھی تین نئے کیس رپورٹ ہونے سے تعداد 78 تک جا پہنچی ہے۔ اسکے علاوہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں ایک ایک مریض کی زندگی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
یہی نہیں، پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں پنجاب میں آج 19 مریض، گلگت بلتستان میں چار مریض اور آزاد کشمیر میں ایک مریض صحتیاب ہو کر متاثرہ افراد کو خوشی کا پیغام دے چکے ہیں۔