کورونا وائرس، برٹش ائیرویز کا 36 ہزار ملازمین معطل کرنے کا فیصلہ

مہلک عالمی وبا کے باعث برطانیہ میں ہوا بازی کا شعبہ شدید متاثر، 40 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا امکان، ورجن اٹلانٹک اور ایزی جیٹ کے ملازمین بھی معطل

692

لندن: کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے وا لی  صورتحال کے باعث مشکلات کا شکار برٹش ائیرویز کے بارے میں امید کی جاری ہے کہ وہ جلد ہی اپنے 36 ہزار ملازمین کو معطل کردے گی۔

ائیرلائن نے کورونا وائرس کے باعث پہلے ہی اپنے بیڑے کا بڑا حصہ گراونڈ کردیا ہے اور وہ اب ملازمین کی یونین کیساتھ اس حوالے سے بات چیت میں مصروف ہے۔

فریقین معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں مگر فی الحال اس پر دستخط نہیں کیے گئے۔

معاہدے کے مطابق ائیرلائن کے 80 فیصد کیبن کریو، زمینی عملہ، انجئینرزاور ہیڈ آفس میں کام کرنے والے ملازمین کی نوکریاں معطل کی جائیں گی تاہم کسی کو نوکری سے نکالے جانے کا امکان نہیں ہے۔

اس فیصلے سے گیٹوک اور لندن سٹی ہوائی اڈوں پر  کام کرنے والے تمام ملازمین متاثر ہونگے جہاں ائیرلائن پہلے ہی اپنا تمام آپریشنز معطل کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وائرس، برٹش ائیرویز بقاء کے خطرے سے دوچار، نارویجن ائیر لائن کو حکومت سے مالی امداد مانگنا پڑ گئی

پروازوں کی بندش سے پی آئی اے مالی مشکلات کا شکار، عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی کا اعلان

کورونا وائرس: ایمیریٹس کا مسافر بردار پروازیں بند اور عملے کے ارکان کی تنخواہیں کاٹنے کا فیصلہ 

متاثرہ افراد کو واجبات  کی کچھ ادائیگی برطانوی حکومت کی کورونا ریٹنشن سکیم کے  ذریعے کی جائے گی جوکہ 2500 پاونڈ تنخواہ والے ملازمین کی اجرت کے 80 فیصد کے برابر ہوگی تاہم پائلٹوں کودو ماہ کے لیے آدھی تنخواہ دی جائے گی۔

برٹش ائیرویز انٹرنیشنل ائیرلائنز گروپ کے ماتحت کام کرتی ہے  اور اس گروپ نے گزشتہ سالوں میں زبردست منافع کمایا ہے۔

تاہم برٹش ائیرویز کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کو معطل کرنے کے عمل سے اس بات کا بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ برطانیہ میں ہوا بازی کے شعبے کو کورونا وائرس کی وبا  نے کس قدر متاثر کیا ہے۔

انٹرنیشنل ائیرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے امکان ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث برطانیہ میں ہوائی کمپنیوں کو 40 ارب ڈالر کا نقصان پہنچ سکتا ہے جسکی بڑی وجہ بڑی تعداد میں پروازوں کی منسوخی  اور ٹکٹوں کے ریفنڈ ہیں۔

اس سےقبل برطانیہ ہی  کی  ورجن اٹلانٹک نے اپنے ملازمین کو دو ماہ کے لیے جبکہ ایزی جیٹ نے تین ماہ کے لیے معطل کردیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here