وفاقی مشیر خزانہ کی ایف بی آر کو کاروباری برادری کی معاونت کے لیے ٹیکس ری فنڈز کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

650

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چیئرپرسن کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کاروباری کمیونٹی کو ٹیکس ری فنڈز کے عمل کو تیز کریں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مشیر خزانہ نے فنانس ڈویژن میں ویڈیو لنک کے ذریعے بزنس کمیونٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہیں اس مشکل وقت میں حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ عبدالرزاق دائود بھی اجلاس میں موجود تھے۔ عبدالحفیظ شیخ نے اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کے بحران کے بعد پاکستان کے برآمداتی سیکٹر کے لیے مستقبل نہایت روشن ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے تاجروں کیلئے 107 ارب کے ٹیکس ریفنڈز جاری کردئیے

مشیر خزانہ نے معاشی معاونت کے حوالے سے میکانزم تشکیل دینے کے حوالے سے بھی ہدایت کی تاکہ اس سارے عمل کو آسان اور شفاف بنایا جا سکے تاکہ دیہاڑی دار مزدوروں کو بغیر کسی پیچیدگی کے ریلیف حاصل ہو۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایف بی آر کی سربراہ نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اپنی ٹیم اور کاروباری کمیونٹی کے نمائندوں سے رابطے میں ہیں تاکہ ری فنڈز سے متعلق معاملات کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

اجلاس کے دوران شرکت کنندگان کو آگاہ کیا گیا کہ اس بحران کے باعث دیہاڑی دار مزدور اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار بدترین طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

کاروباری برادری کے نمائندوں نے کہا کہ وہ اپنے دیہاڑی دار مزدوروں کی حکومت کے تعاون سے مدد کرنے کے حوالے سے پرعزم ہیں اور ضرورت کے اس وقت میں اپنی سماجی ذمہ داریاں پورا کرنے کا عہد کیا۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر نے فاسٹر نظام کے تحت 56 ارب روپے کے ریفنڈز منظور کرلیے

اجلاس میں دیگر شرکت کنندگان کے علاوہ ڈاکٹر وقار مسعود خان، علی جمیل، میاں محمد منشا، شاہد حسین، شہزاد سلیم، بشیر علی محمد، علی حبیب، اورنگزیب، طارق سیگل، الماس حیدر، شاہد سورتی، فواد انور، ثاقب شیرازی، طارق حبیب اور وزارت تجارت، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے سینئر حکام شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here