سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 1277 پوائنٹس اضافے سے 30 ہزار کی نفسیاتی حد عبور

650

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز زبردست تیزی رہی، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1277 پوائنٹس اضافہ ہوا جس کے باعث انڈیکس 30 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے، کاروبار کا اختتام 30 ہزار 782 پوائنٹس پر ہوا۔ 

جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز 29 ہزار 505 پوائنٹس سے ہوا اور کچھ دیر کے لیے مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا اور انڈیکس میں 65 پوائنٹس گراوٹ ہوئی لیکن مارکیٹ میں منفی سلسلہ منقطع ہوا تو کچھ ہی دیر میں تیزی دیکھنے میں آئی۔

 کاروباری روز کے دوران 226,570,065 کے شئیرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت 9,466,718,986 روپے ہے۔ کاروباری روز کے دوران 282 کمپنیوں نے گرین زون میں کاروبار کیا جبکہ 54 کمپنیوں کو خسارے کا سامنا رہا۔

دیگر انڈیسز میں کے ایس ای آل شئیر انڈیکس میں 772 پوائنٹس اضافے سے 21 ہزار 989 پوائنٹس جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 2246پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 47 ہزار 812 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروبار کے دوران بینکنگ، کھاد، سیمنٹ اور پیٹرولیم کے شعبے نمایاں دکھائی دیے اور 100 انڈیکس کو مثبت زون میں لے جانے کے لیے مددگار ثابت ہوئے۔

یاد رہے رواں کاروباری ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی سے کاروبار بحال ہو رہا ہے۔ گزشتہ ماہ سٹاک مارکیٹ کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا جس میں 11 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ ہوئی تھی۔

دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جمعرات کے کاروباری روز کے دوران بھی انٹربینک میں ڈالر 17 پیسے مہنگا ہو کر 167 روپے کا ہو گیا ہے۔

یہ واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے سے سٹاک مارکیٹ پر بُرے اثرات پڑتے ہیں لیکن ڈالر کی قدر بڑھنے سے سٹاک مارکیٹ پر اثر نہیں پڑا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here