لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے باعث آئی سی آئی پاکستان نے بھی عارضی طور پر اپنے پولیسٹر (Polyester) پلانٹ اور دفاتر غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آئی سی آئی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بتایا کہ انہوں نے موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
یہ مدِ نظر رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پاکستان میں پھیلنے کے بعد صوبائی حکومتوں نے اپنے طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جبکہ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومتوں نے لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کیا ہے۔
کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کمپنیوں اور کاروباروں کو عارضی بندش کا سامنا ہے اور اکثر ادارے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں۔
اس سے قبل آٹو میکر ہونڈا بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں اپنے تمام فیکٹریاں، ریجنل دفاتر اور شو رومز بند کر چکی ہے۔
پاکستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے نمایاں ادارے نشاط ملز لمیٹڈ نے بھی کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر اپنے تمام پلانٹس بند کردئیے تھے۔