اسلام آباد: الکوحل اور دیگر مشروبات بنانے والی پاکستانی مینوفیکچرنگ کمپنی مری بریوری نے ہینڈ سینی ٹائزرز بنانے اور فروخت کرنے کے لائسنس کے لیے درخواست دائر کر دی۔
کمپنی نے 28 مارچ 2020 کو ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کو ایک خط کے ذریعے اایتھنول پر مبنی سینی ٹائزرز کی مینوفیکچرنگ اور فروخت کی خصوصی اجازت دینے کی درخواست کی۔
مری بریوری کے خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اجازت بغیر کسی رسمی شرائط کے دی جائے تاکہ کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورت حال کے دوران کمپنی اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرسکے۔
اس وقت مری بریوری کے پاس L-1 اور L-3 کے لائسنسز ہیں جو ایتھنول کے ساتھ نشہ آور محلول کی تیاری اور فروخت کے لیے بنیادی خام مال سمجھا جاتا ہے۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ 30 مارچ 2020 کو پنجاب ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے 16 کمپنیوں کو ہینڈ سینی ٹائزرز کی مینوفیکچرنگ کے لیے لائسنس جاری کیے تھے اس سے پہلے صرف ایک کمپنی کے پاس مذکورہ لائسنس تھا۔