کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کے تیسرے روز اور اپریل کے مہینے کے آغاز میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کا سلسلہ برقرار ہے، کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام تک 273 پوائنٹس اضافے سے 29 ہزار 505 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
بدھ کے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس میں 157,081,939 کے شئیرز کی لین دین ہوئی جن کی مالیت 6,163,682,522 روپے ہے۔ منڈی میں سرمایہ 47 ارب روپے سے بڑھ کر پانچ ہزار 668 ارب ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے مسلسل تیسری بار سٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہے، سوموار کے روز معمولی ریکوری دیکھی گئی تھی جبکہ گزشتہ سیشن (منگل) کو 1208 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، بدھ کے کاروباری روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں 13 پیسے اضافے سے یہ 166.83 روپے کا ہو گیا ہے۔ رواں ہفتے ڈالر کی قیمت میں تیسری بار معمولی اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مارچ میں ڈالر کی قدر میں 12 روپے 47 پیسے اضافہ ہوا تھا جس سے سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھنے کو ملی تھی۔ تاہم سٹیٹ بینک کی مداخلت سے ڈالر کی اڑان کو کچھ حد تک کنٹرول کیا گیا تھا۔
اسکے علاوہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے جمعہ کے کاروباری روز ایک ہی تجارتی سیشن منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹی آر ای ہولڈرز کو جمعہ کے لیے ایکسچینج کو (Designated Time Schedule) کے بارے میں بھیجے جانے والے نوٹس کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج نے کہا کہ ڈی ٹی ایس جمعہ، 3 اپریل 2020 سے تاحکمِ ثانی لاگو رہے گا۔
یہ نوٹی فکیشن 25 مارچ 2020 کے پہلے نوٹس کے مطابق ہے۔