اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 40 ہزار کے نیشنل پرائز بانڈز کی واپسی اور بانڈز کے بدلے رقم کی ادائیگی کی تاریخ میں ایک بار پھر تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق “پرائز بانڈز رولز 1999 کے رُول (4) کے سب رُول (1) کی مدت میں فنانس ڈویژن کی منظوری سے 40 ہزار کے پرائز بانڈز کی رقم کی واپسی کے لیے 30 جون 2020 تک توسیع کر دی ہے۔”۔
اس سے قبل سٹیٹ بینک آف پاکستان نے فروری میں تمام بینکوں کے سی ای اوز اور صدور کو 31 مارچ تک 40 ہزار کے پرائز بانڈز کی واپسی کی ہدایات دی تھیں۔
بینکوں کو یکم اپریل تک مذکورہ معلومات کرنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے بعد سٹیٹ بینک کی انسپیکشن ٹیم نے اعدادوشمار کا معائنہ کرنا تھا۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ فنانس ڈویژن نے 24 جون 2019 کے بعد 40 ہزار کے بانڈز کی فروخت محدود کر دی تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ 40 ہزار روپے کا کوئی بانڈ 24 جون 2019 کے بعد فروخت نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل سٹیٹ بینک کے کرنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ہدایات جاری کی تھیں کہ مقررہ تاریخ کے بعد بند کیے جانے والے بانڈز دے کر رقم حاصل نہیں کی جا سکے گی اور نہ ہی یہ بانڈز یکم اپریل 2020ء یا اس کے بعد تبدیلی کے لیے قبول کیے جائیں گے۔
سٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ اپنی شاخوں سے بانڈز کی تفصیلات 31 مارچ 2020ء تک جمع کریں اور یکم اپریل تک مرکزی بینک کو رپورٹ دیں تاہم اب تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔