اسلام آباد: جاپان کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 21.6 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کااعلان کیاہے۔
ان میں سے 16 لاکھ 20 ہزار ڈالر یونیسیف اور5 لاکھ 40 ہزارڈالر انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے مائیگریشن (آئی اوایم) کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے۔
پاکستان میں جاپان کے سفارت خانہ کے ایک بیان کے مطابق اس معاونت سے کورونا وائرس کی مریض کی جلد تشخیص اوربروقت علاج معالجہ کے حوالہ سے پاکستان کی استعدادکارمیں بہتری آئے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپانی حکومت کی معاونت سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ اوراس کے نتیجہ میں سماجی واقتصادی اثرات کوکم کرنے میں مدد ملے گی۔
یونیسف اورآئی اوایم کی معاونت سے زمینی حقائق کومدنظررکھتے ہوئے اورحکومت پاکستان کی درخواست پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے آلات اوردیگر معاون مواد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان میں جاپان کے سفیرمستوداکونی نوری نے کروناوائرس کے خلاف پاکستان کی حکومت اورعوام کی بھرپورکوششوں کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ عالمگیروباء پرقابوپانے کیلئے تمام ریاستوں کو ضروری اقدامات اٹھانا چاہئیے۔
انہوں نے کہاکہ متعدی امراض پرقابو پانے کیلئے جاپان نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیاہے، جاپان پولیوکے خاتمے کیلئے 1996 سے لیکر اب تک پاکستان کو 229 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرچکاہے۔
انہوں نے کہاکہ جاپان کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون اورمعاونت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔