لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید تین افراد کی موت کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی جبکہ ملک بھر میں نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 1925 ہو گئی، اب تک 77 افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پنجاب حکومت کا امدادی پیکج کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس اور لاک ڈاون سے متاثر ہونے والے غریب اور روزانہ اجرت کمانے والے طبقے کے لیے صحت انصاف امداد پیکج کا اعلان کردیا۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پیکج میں 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت 25 لاکھ خاندانوں کی مدد کریں گے اور 4 ہزار فی خاندان فراہم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے عوام گھر سے ایک میسج کریں گے اور ان سے ان کا نام اور شناختی کارڈ نمبر لیا جائے گا جس کے بعد ان کی تصدیق کی جائے گی اور رقم منتقل کردی جائے گی۔
ملیریا کی دوا سے کورونا کا علاج
حکومت پنجاب نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے کلوروکوئن اور ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن سے علاج کرنے کی اجازت دے دی۔صوبائی حکومت نے دونوں ادویات کی 50 ہزار گولیوں خریداری کرلی۔
واضح رہے کہ میو ہسپتال نے وائرس کے متاثرہ مریضوں پر مذکورہ ادوایات کا استعمال شروع کیا تھا۔
چین نے وائرس میں مبتلا تشویش ناک حالت کے حامل مریضوں کا علاج بھی اسی طرح کیا اور امریکا نے بھی اس کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
افغان مہاجرین اور آئی ڈی پیز کیلئے بھی ریلیف پیکج
وزیراعظم عمران خان نے افغان مہاجرین اور مقامی سطح پر بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) کے لیے ریلیف پیکج تیار کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
وزارت نارکوٹکس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نارکوٹکس کے وزیر شہریار آفریدی کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان نے حکام کو کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افغان مہاجرین اور آئی ڈی پیز کے لیے ریلیف پیکج تیار کرنے کی ہدایات دیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیر نارکوٹس و سیفران شہریار آفریدی نے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم سے اس حوالے سے ریلیف پیکج کا مطالبہ کیا تھا۔