اسلام آباد: ملک میں آٹوموبائل کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بنک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ء تا فروری 2020ء ٹرانسپورٹ آلات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 48.7 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 57.07 فیصدکم ہے۔
گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں ملک میں اس شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 76.5 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
فروری کے مہینہ میں اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 2.5 ملین ڈالررہا۔
اعدادوشمارکے مطابق موٹرسائیکل سازی کی صنعت میں اس عرصہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 16.8 ملین ڈالر رہا، کارسازی کی صنعت میں 36.3 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تاہم بسوں اورٹرکوں کے پیداواری شعبہ میں منفی گروتھ دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 512 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔