لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ حالات کے پیش نظر صنعتوں کو کم از کم تین ماہ کا مارک اپ معاف کیا جائے کیونکہ کروناوائرس سے پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے وہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کروناوائرس کی وجہ سے ملک بھر میں غیرمعمولی تجارتی و معاشی صورتحال پیدا ہوئی ہے، اروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، ایکسپورٹ آرڈرز کینسل ہورہے ہیں جبکہ مارکیٹوں میں گاہک نہیں ہے۔
ایسے میں اگر سٹیٹ بینک آف پاکستان صنعتوں کو تین ماہ کا مارک اپ معاف کردیتا ہے تو یہ بہت بڑا ریلیف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کروناوائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت سے بھرپور تعان کررہی ہے، صنعتکاروں کی حتی الامکان کوشش ہے کہ مشکل حالات کے باوجود لوگوں کو بے روزگار نہ کیا جائے۔
چنانچہ سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی تین ماہ کے لیے مارک اپ کی چھوٹ دیکر صنعتی شعبہ کو سپورٹ کرسکتا ہے۔