اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت نہ تو پیسے کی گردش کا بحران ہونے کی اجازت دے گی اور نہ ہی اس وجہ سے کاروباروں کو دیوالیہ ہونے کی اجازت دے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رزاق داؤد نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام حلقوں میں پیسے کی گردش یقینی بنانے کے لیے مکمل سپورٹ کرے گی۔
مشیر تجارت نے کہا کہ وہ شہریوں کو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں جانتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ حکومت کا پروگرام صرف برآمدکنندگان تک محدود نہیں ہے۔ “پروگرام صرف برآمدکنندگان کے لیے نہیں ہے۔ یہ پروگرام چھوٹے اور درمیانے کاروباروں، ریٹیل سیکٹرز کے علاوہ ہمارے مزدوروں کے لیے بھی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ “میں لوگوں کو بجلی، بینکنگ اور پیسے کی گردش سے متعلق پیش آنے والے مسائل کی نگرانی کروں گا جیسا کہ حکومت یہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے”۔
مشیرِ تجارت نے اپنا پیغام اس وقت جاری کیا ہے جب ملک میں ایک ماہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں ملک میں لاک ڈاؤن نافذ نہیں کریں گے کیونکہ اس فیصلے سے ملک کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔