کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے آخری کاروباری روز کے دوران تیزی دیکھنے میں آئی، کے ایس ای 100 انڈیکس میں گزشتہ سیشنز میں ہونے والی تنزلی کے بعد بحالی ہوئی ہے۔
جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز ہوا تو انڈیکس میں 1005 پوائنٹس اضافہ ہوا اور انڈیکس 28 ہزار 273 پوائنٹس تک جا پہنچا۔ تاہم، ملے جلے رجحان کے باعث کاروبار کا اختتام 842 پوائنٹس اضافہ سے 28 ہزار 109 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر انڈیسز میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی تیزی سے انڈیکس 1690 پوائنٹس اضافہ سے 43 ہزار پچپن پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس میں 441 پوائنٹس اضافہ سے انڈیکس 20 ہزار 458 پوائنٹس پر بند ہوا۔ جمعہ کے کاروباری روز کے دوران 198 کمپنیاں مثبت جبکہ 54 کمپنیاں مندی کے رجحان میں دکھائی دیں۔
گزشتہ کاروباری روز کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 186.70 ملین سے کم ہو کر 169.39 ملین تک آ گیا تھا اور صرف کے الیکٹرک لمیٹڈ، یونیٹی فوڈز لمیٹڈ اور ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ ہی گرین زون میں بند ہوئیں تھیں۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں کھاد، بینکنگ اور سیمنٹ کے شعبوں میں مثبت کاروبار رہا جبکہ اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ، حب پاور کمپنی لمیٹڈ اور ایم سی بینک لمیٹڈ نے کاروبار کا مثبت رجحان برقرار رکھنے میں مثبت کردار ادا کیا۔
گزشتہ کاروباری روز سیمنٹ سیکٹر کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا تھا لیکن جمعہ کے کاروباری روز لکی سیمنٹ، ڈی جی خان سیمنٹ، میپل لیف سیمنٹ اور بیسٹ وے سیمنٹ کمپنی نے کاروبار میں چھ فیصد اضافہ کیا۔
اسکے علاوہ ملک میں کورونا وائرس پھیلنے سے پیداشدہ صورتحال کے باعث گل احمد ٹیکسٹائل ملز، ہونڈا اطلس لمیٹڈ، برجر پینٹس پاکستان لمیٹڈ اور انڈس موٹرز کمپنی نے لاک ڈاؤن کے باعث اپنی اپنی کمپنیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا لیکن پھر نیچے آگیا۔
انٹر بینک میں جمعے کے روز ملک میں ڈالر کی خریداری کا رجحان رہا۔ کاروباری دن میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 4 روپے اضافے سے 169 روپے تک پہنچ گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر کم ہوکر 165 روپے 54 پیسے پر بند ہوئی۔