کورونا وائرس، ملک بھر کی نیشنل ہائی ویز، موٹرویز بند

تیل پہنچانے والے ٹینکرز اور اشیائے ضروریہ لے جانے والی گاڑیوں کو اجازت ہو گی

794

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اور  موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ 

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کی پریس ریلیز کے مطابق نجی گاڑیوں میں دو افراد سے زائد کے موٹروے پر سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ موٹرویز پولیس نے کہا ہے کہ مسافروں کو موٹرویز پر سفر کرنے کی ٹھوس وجہ پیش کرنا ہوں گی۔

پولیس کے مطابق تیل پہنچانے والے ٹینکرز اور اشیائے ضروریہ لے جانے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تازہ ترین تعداد 1106 تک جا پہنچی ہے، جان لیوا وبا سے آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 21 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جزوی یا مکمل لاک ڈائون کیا گیا ہے جس پر عملدر آمد کرانے اور سول انتظامیہ کی مدد کیلئے صوبائی حکومتوں کی جانب سے فوجی دستوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

سندھ میں لاک ڈاؤن: ملازمین کی نوکریاں بچانے کا حکومتی اقدام چیلنج ہونے کا خطرہ

کورونا وائرس: عالمی ایوی ایشن انڈسٹری  شدید متاثر، 113 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ

کورونا وائرس: پاکستان میں 1106 افراد متاثر، آٹھ جاں بحق، 21 صحتیاب

لاک ڈائون کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ صرف میڈیکل سٹورز اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ادھر سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ پر زور دیا ہے کہ اگر عوام گھروں میں نہیں رہتے اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی جاری رہتی ہے تو کرفیو لگا دینا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق بارہ کہو میں موجود ایک مسجد اور اس کے گردو نواح میں مزید نو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

انہوں نے عوام سے گزارش ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں، بارہ کہو روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کی جا چکی ہے۔

اسلام آباد میں نقل و حرکت، دفاتر ، ہسپتالوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروبار پر مزید پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹس، شاپنگ مالز، نجی دفاتر بدستور بند رہیں گے جبکہ سرکاری دفاتر صبح 10 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے۔

اسی طرح شہروں، ضلعوں اور صوبوں کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد ہے ، میٹرو بس سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here