پاکستان سٹاک مارکیٹ نے پہلی بار ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ متعارف کرا دئیے

یو بی ایل کا انٹر پرائز ای ٹی ایف اور نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کا گیٹ وے ای ٹی ایف مارکیٹ کو سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنادے گا

1006

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج کی جانب سے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ (ای ٹی ایف) کے نام سے ایک نئی پراڈکٹ متعارف کرائی گئی ہے جس کے بعد پاکستانی اسٹاک مارکیٹ نے دنیا کے ان حصص بازاروں کی فہرست میں جگہ بنالی ہے جہاں ای ٹی ایف کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ای ٹی ایف وہ سرمایہ کاری پراڈکٹس ہوتی ہیں جوسٹاک مارکیٹ سے حاصل ہونے والے ریٹرنز کو مشترکہ فنڈز کیساتھ جوڑ دیتی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کی جانب سے دو ای ٹی ایف لانچ کیے گئے ہیں جن میں یو بی ایل کا انٹر پرائز ای ٹی ایف اور نیشنل انویسٹمنٹ فنڈ کا گیٹ وے ای ٹی ایف شامل ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے ای ٹی ایف کو متعارف کروانے کے لیے ورچوئل لانچ کا طریقہ اختیار کیا گیا۔ یہ طریقہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنایا گیا جس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اسکی روک تھام کے اقداما ت کے حالات میں پاکستانی کیپٹل مارکیٹ میں ای ٹی ایف کی دستیابی کا پیغام تمام سرمایہ کاروں کو پہنچانا تھا۔

ای ٹی ایف کی لانچ کے موقع پر چئیرمین ایس ای سی پی کا کہنا تھاکہ ای ٹی ایف کی دستیابی پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ اور ایسٹ مینیجمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک شاندار چیز ہے کیونکہ اسکی کم قیمت، شفافیت اور سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے تحت انڈکس کو ٹریک کرنے کی صلاحیت کا استعمال کرکے زبردست ترقی کی جاسکتی ہے۔

ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ خان نے ای ٹی ایف کی سہولت کو ایک زبردست پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ای ٹی ایف سرمایہ مارکیٹ کالازمی جزو ہیں اور یہ دنیا کے47ممالک میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ای ٹی ایف کی پاکستان میں دستیابی سرمایہ کاروں کے لیے مارکیٹ کو مزید پر کشش بنائے گے کیونکہ یہ کم قیمت اور آئیڈیل ہیں۔

انہوں نے تمام اسٹاک ہولڈرز کو ای ٹی ایف کی لانچ کی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی اور ملکی سطح پر موجودہ معاشی حالات میں یہ بڑے اور چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی پرکشش اور مفید ثابت ہونگے۔

یو بی ایل فنڈزکے سی ای او کا اس موقع پر خطاب میں کہنا تھا کہ نئی پراڈکٹس لانچ کرنا انکے ادارے کی روایت رہی ہے اور ای ٹی ایف کی سب سے پہلے لانچ انکے ادارے کے لیے ایک اور اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوبی ایل کا ای ٹی ایف سرمایہ کاروں کے لیے بہترین ہے کیونکہ یہ ان اسٹاک میں سرمایہ کاری کرے گا جن کی اکثریت تیل کی قیمتوں کیساتھ جڑی ہوئی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ٹیم نے ای ٹی ایف کا زبردست انداز میں لانچ کیا اور اور نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے ساتھ مل کر اسکو متعارف کروانا انکے ادارے کے لیے خوشی کی بات ہے۔

نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے ایم ڈی عدنان آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں ای ٹی ایف کی سب سے پہلے لانچ کرنا انکے ادارے کے لیے فخر کی بات ہے اور ملک کی سب سے پرانی ایسٹ مینجمنٹ کمپنی ہونے کے ناطے نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ نے نئے فنڈز کی تشکیل اور ملکی سرمایے کی مارکیٹ کے قیام میں اولین اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کا انویسٹمنٹ ٹرسٹ کا گیٹ وے ای ٹی ایف چھوٹے اور بڑے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا بہترین آپشن ثابت ہوگا۔

ای ٹی ایف کی اس لانچ میں نظروں سے اوجھل رہ کر کلیدی کردار مارکیٹ میکر جے ایس گلوبل نے اد ا کیا جس کے سی ای او کامران ناصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سب سے پہلے ای ٹی ایف لانچ کرنے میں انکے ادارے کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے اس لانچ کو اپنے ادارے کے لیے ایک اور سنگ میل کردار دیتے ہوئے کہا کہ جے ایس گلوبل کا ماننا ہے کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی اور ای ٹی ایف کی یہ لانچ انکے اس یقین کی عکاس ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here