اسلام آباد: کورونا وائرس ملکی معیشت کو بری طرح متاثر کر رہا ہے جس کے بعد اکثر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم اینگرو فرٹیلائزر نے یوریا کھاد کی قیمت مزید 240 روپے فی بوری کمی کر دی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوریا کی قیمت میں حالیہ قیمت میں کمی کے بعد رواں سال مجموعی طور پر 400 روپے فی بوری کمی کی جا چکی ہے۔
اس سے قبل گیس سیس ختم ہونے پر اینگرو نے یوریا کی قیمت میں 150 روپے کمی کی تھی۔
اینگرو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے ناصرف عالمی بلکہ پاکستانی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے، بطور ایک ذمہ دار کمپنی ہم قوم پر اس کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اس لیے ملک کے سب سے بڑے روزگار کے شعبہ یعنی زراعت کو ریلیف دینے کیلئے یوریا کی قیمت کم کی گئی ہے۔
کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسانوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے، اس مشکل کھڑی میں اینگرو قوم اور حکومت کیساتھ ہے اور خوراک کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
اینگرو کی جانب سے یوریا کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد فی بوری قیمت 1600 روپے ہو گئی ہے۔