بیجنگ: ایشین ڈویلپمنٹ بنک (اے ڈی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا 53 واں سالانہ اجلاس کا بندوبست کورونا وائرس کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
بنک کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق، اے ڈی بی کے بورڈ آف گورنرز نے سالانہ اجلاس کے پروپوزل کی منظوری دے دی ہے جو 25 مئی 2020 کو جمہوریہ کوریا کے شہر انچیون میں شیڈول کیا گیا تھا لیکن یہ اب دو مرحلوں میں منعقد ہو گا۔
پہلے مرحلے میں بورڈ آف گورنرز کا محدود پیمانے پر اجلاس ہو گا جس میں بڑی تعداد میں ان کے نامزد کردہ نمائندے شریک ہوں گے اور یہ 22 مئی 2020 کو منیلا میں ہو گا۔ اس اجلاس کے باعث بورڈ آف گورنرز اے ڈی بی کے معاشی نتائج پر غور کرنے اور ادارہ جاتی ضروریات کے مطابق، آمدن کو مختص کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ اجلاس اس کے بعد ملتوی کر دیا جائے گا اور دوبارہ 18 سے 21 ستمبر تک انچیون، جمہوریہ کوریا میں ہو گا اور اس دوسرے مرحلے میں مکمل سالانہ اجلاس ہو گا۔
اے ڈی بی کے سیکرٹری یوجین زوکوف نے کہا ہے کہ سالانہ اجلاس کے شرکت کندگان کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ہم نے جمہوریہ کوریا کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ اجلاس کے حوالے سے طے شدہ حکمتِ عملی کورونا وائرس کے تناظر میں موزوں ہے۔ اے ڈی بی اور جمہوریہ کوریا مکمل طور پر پرعزم ہیں اور وہ مل کر سال کے اختتام پر ایک مفید سالانہ اجلاس کرنے کی تیاری کر رہے ہوں گے۔