کورونا وائرس، متاثرہ افراد کی تعداد 757 ہو گئی، پنجاب میں ایک روز میں 70 کیسز رپورٹ، خیبرپختونخوا میں ایک اور مریض چل بسا

پاکستان میں کورونا کے چار ہزار سے زائد مشتبہ کیسز کا انکشاف، پنجاب میں شاپنگ مالز، عوامی مقامات 2 روز کیلئے بند کرنے کا اعلان، سندھ میں مکمل لاک ڈائون پر غور

909

لاہور : دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے  پاکستان میں حملے شروع کر دیے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 757 ہو گئی ہے، وائرس کی وجہ سے  خیبر پختونخوا میں ایک اور متاثرہ شخص کی موت کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد تین اور ملک بھر میں چار ہو چکی ہیں جبکہ ملک میں پانچ افراد اب تک اس وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

 پنجاب کے محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، صوبے میں آج ایک ہی روز میں 70 کورونا کے نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ محکمہ صحت سندھ کے مطابق، صوبے میں 41 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کیسوں کی مجموعی تعداد 333، پنجاب میں 222، بلوچستان میں کیسز کی تعداد 104، گلگت بلتستان میں  متاثرین کی تعداد 55، اسلام آباد میں 11 اور خیبر پختونخوا میں مریضوں کی تعداد 31 بتائی گئی ہے جب کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص متاثر ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی قوم سے گھروں میں رہنے کی اپیل

وزیراعظم عمران خان  نے  قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں لاک ڈاون کرنے کی بحث جاری ہے، لاک ڈاؤن یا کرفیو کا مطلب ہے کہ شہریوں کو گھروں میں مکمل بند کیا جائے،  لاک ڈاؤن کرنے کا مطلب ہے کہ دیہاڑی دار طبقہ گھروں میں بند ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کرنے سے ملک کے 25 فیصد غریب لوگوں کا کیا بنے گا؟کیا ہمارے پاس اتنی صلاحیت ہے کہ ہم اتنی بڑی تعداد کو گھروں میں کھانا پہنچائیں،  چین کے پاس ایک سسٹم اور مالی وسائل تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج اگر صحیح معنوں میں احتیاط نہ کی تو نقصان اٹھائیں گے، لوگ خود اپنے آپ کو قرنطینہ میں رکھیں، جتنا ڈسپلن میں رہیں گے اتنا جلدی اس سے نکلیں گے۔

کورونا سے نمٹنے کے لیے پنجاب میں فوج طلب

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عثمان بزدار نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر پاک فوج طلب کی مدد طلب کر لی گئی ہے جو سول انتظامیہ کی مدد کرے گی، عوام حکومتی اقدامات پر عمل کرے۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا وائرس سے بھرپور قوت کے ساتھ نمٹیں گے اور مسائل پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں، پنجاب میں کسی قسم کی غذائی قلت نہیں، ایکسپو سنٹر لاہور میں ایک ہزار بستروں کا ہسپتال بنایا جائے گا۔

 پنجاب میں شاپنگ مالز، عوامی مقامات 2 روز کیلئے بند کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبہ بھر کے شاپنگ مالز، بازار، ریسٹورنٹس، پارکس اور سیر و تفریح کے دیگر مقامات دو روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے بہتر مفاد کی خاطر پورے صوبے میں تمام شاپنگ مالز، بازار، ریسٹورنٹس، پارکس اور سیر و تفریح کے دیگر مقامات دو روز کے لیے بند کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بندش کا اطلاق ہفتہ کی رات 9 بجے سے منگل کی صبح 9 بجے تک ہوگا جبکہ عوام کی سہولت کی خاطر کریانہ اسٹورز، دودھ کی دکانیں، بیکریز اور پیٹرول پمپ کھلے رکھے جائیں گے۔

سندھ حکومت کا 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ 

اُدھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیاں اور صحت عزیز ہیں، اس لیے عوام کے حق میں آج شام اہم اعلان کروں گا۔

مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ سخت فیصلہ کرنے جا رہے ہیں جس کا مقصد عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا ہے، عوام کی صحت کی خاطر ہروہ فیصلہ کریں گےجو ضروری ہے، ہم آج ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کریں گے۔

حکام کا کہنا ہے  کہ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کے وہ نتائج نہیں ملے جن نتائج کی توقع تھی اسی لیے مراد علی شاہ نے سندھ میں آئندہ 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہا تھا کہ پاکستان کو ہر صورت مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہوگا، لاک ڈاؤن میں ہر گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلہ مشکل بنارہی ہے اور بحران میں کمی کے لیے جلد از جلد لاک ڈاؤن کا فیصلہ لینا ہوگا۔

فوج کو سول انتظامیہ کی مدد تیز کرنے کا حکم

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس اور آرمی چیف سے ملاقات کے بعد جنرل قمر جاوید باجودہ نے امداد تیز کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا وائرس: عالمی معیشت  اسٹاک مارکیٹس کو 19 کھرب، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو 300 ارب ڈالر نقصان

’کورونا وائرس سے ترقی پذیر معیشتیں تباہ ہو سکتی ہیں، دنیا قرضے معاف کرنے پر غور کرے‘

کورونا وائرس پاکستان کی معیشت کیلئے کس حد تک تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے؟ 

کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند، مغربی سرحد سیل کرنے کا فیصلہ، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ

کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا ’’قومی ایمرجنسی پلان‘‘ منظور، عالمی مالیاتی ادارے 588 ملین ڈالر امداد دیں گے

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچاؤ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے اورہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تاکہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے کیونکہ ایسا کرنے سے ہی قومی کوششیں کامیاب ہوں گی۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے، ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضے کے طور پر انجام دیں گے اورانفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا جبکہ اس میں ہی قومی کامیابی ہوگی۔

’پاکستان میں کورونا کے چار ہزار سے زائد مشتبہ کیسز‘ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 4 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کل نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کا مقصد تمام صوبوں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا نظام ہے، کمیٹی کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق اعداد وشمار کو ایک جگہ جمع کیا جا رہا ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

 کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

سندھ حکومت کی عوام سے تین روز گھروں میں رہنے کی اپیل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے آئندہ 3 روز تک گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ تین دن تک سب مکمل طور پر آئسولیشن میں جائیں۔

’لاک ڈائون سے ایک بار پھر انکار‘

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ فی الحال ملک میں لاک ڈائون نہیں کرنا چاہتے۔

جمعہ کو سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ کورونا کے باعث ضرورت پڑی تو لاک ڈائون کریں گے، لاک ڈاؤن کیا تو روزانہ اجرت پر کام کرنے والے پریشان ہوں گے، ملک میں ابھی ایسی صورتِحال نہیں کہ لوگ ذخیرہ اندوزی شروع کردیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے معاملے پر عوام سے کچھ نہیں چھپائیں گے، احتیاط کے بغیر کورونا سے لڑنے میں مشکلات ہو سکتی ہیں،لوگوں کا ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا بہت ضروری ہے۔کورونا کے معاملے پر چین کے تجربات سے سیکھ رہے ہیں، کوئی خبر سنسر نہیں کی جارہی ہے۔

کراچی میں مزید قیدی رہا

جیلوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیشِ نظر ملیر ڈسٹرکٹ جیل سے قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے۔عدالت کے حکم پر کراچی کی ملیر جیل سے مزید 107 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ ملیر ڈسٹرکٹ جیل کے مطابق رہا ہونے والے قیدیوں میں 104 زیر سماعت مقدمات کے ملزمان تھے جب کہ 3 سزا یافتہ قیدیوں کو سزا میں کمی کے سبب عدالتی حکم پر رہا کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر 188 قیدیوں کو ملیر جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here