علی بابا کے بانی کا پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کو18 لاکھ ماسک، 2لاکھ ٹیسٹ کٹس دینے کا اعلان

135

شنگھائی: چین کی سب سے بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما نے پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ماسک اور آلات فراہم کرنے کا اعلان  کیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 668 ہو گئی ہے، وائرس کی وجہ سے سندھ میں ایک اور خیبر پختونخوا میں دو اموات بھی ہو چکی ہیں جبکہ ملک میں پانچ افراد اب تک اس وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

جیک ما نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ فوری طور پر 18 لاکھ ماسک، 2 لاکھ 10 ہزار ٹیسٹ کٹس، 36 ہزار حفاظتی سوٹ کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹرز اور تھرما میٹرز فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہنگامی امداد پاکستان، افغانستان، بنگلادیش، کمبوڈیا، مالدیپ، منگولیا، نیپال سمیت دیگر ممالک کیلئے ہے۔

جیک ما کے مطابق یہ تمام سامان فوری پہنچانا ممکن نہیں لیکن وہ پھر بھی بروقت پہنچانے کی پوری کوشش کریں گے۔

اس سے قبل جیک ما فاؤنڈیشن امریکا کو بھی کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک لاکھ کٹس فراہم کرچکی ہے جبکہ اس کے علاوہ یورپی ممالک میں بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کا سامان عطیہ کیا گیا ہے۔

چین کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے قریب ہے اور کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی آئی ہے جبکہ یورپ میں مہلک وائرس نے تباہی مچا دی ہے اور ہزاروں افراد لقمہ اجل ہوگئے ہیں۔ دنیا بھر میں دو لاکھ سے زائد افراد مہلک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here