اسلام آباد: رواں معاشی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران ملک سے چاولوں کی برآمدات میں گزشتہ برس اسی عرصہ کی نسبت 11.09 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
جولائی اور فروری 20-2019 کے دوران قریباً 2,763,171 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے جن کی مالیت 1.397 ارب ڈالر بنتی ہے جب کہ گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 2,497,536 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے جن کی مالیت 1.257 ارب ڈالر بنتی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، باسمتی چاولوں کی فروخت میں 36.56 فی صد اضافہ ہوا جس کی مالیت 501.179 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے جو گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 366.765 ملین امریکی ڈالر تھی۔
گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران باسمتی کے علاوہ چاولوں کی برآمد میں گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران گزشتہ برس اسی عرصہ کی نسبت 0.57 فی صد اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ ملک سے خوراک کی مجموعی پیداوارکی برآمدات گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران 5.48 فی صد بڑھی ہیں جن کی مالیت 3.033 ارب ڈالر بنتی ہے جو گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 2.875 ارب ڈالر تھی۔