رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں 71 فیصد کمی

61

اسلام آباد: رواں مالی سال کے دوران جاری کھاتوں کے خسارہ (کرنٹ اکائونٹ) میں 71 فیصد کمی ہوئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ میں جولائی تا فروری 2019-20ء کے دوران ملک کے حسابات جاریہ کا خسارہ 2.843 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2018-19 جاری کھاتوں کا خسارہ 9.817 ارب ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران جاری کھاتوں کے خسارے میں 6.974 ارب ڈالر یعنی 71 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایس بی پی کے مطابق جاری کھاتوں کے خسارہ میں کمی کے بنیادی اسباب میں درآمدات کی کمی، برآمدات اور سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں ہونے والا اضافہ شامل ہیں۔

اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ جاری مالی سال میں ترسیلات زر کی وصولی 5.4 فیصد کے اضافہ سے15.127 ارب ڈالر تک بڑھی ہے۔ اسی طرح درآمدات 18 فیصد کی کمی سے 36 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس بی پی کی ایکسپورٹ ری فنانس سکیم کے نتیجہ میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کا رجحان ہے۔ ایس بی پی کی ایکسپورٹ ری فنانس سکیم اور حکومتی اقدامات سے برآمدات پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں مصنوعات، خدمات اور آمدنی کا خسارہ 19.378 ارب ڈالر رہا ہے جو گذشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں میں 22.567 ارب ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران اشیاء، خدمات اور آمدنی کے خسارہ میں 3.189 ارب ڈالر کی مجموعی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here