اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلباء کیلئے 14 ٹن تیار خوراک بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق حکومت نے پاکستانی طلباء کیلئے تیار غذائی اشیاء بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ کام سرانجام دینے کی ذمہ داری این ڈی ایم اے کو سونپی گئی ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ انجینئر عامر حسن نے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کا چیک چیئرمین این ڈی ایم اے کو پیش کیا ہے۔ یہ رقم کورونا وائرس کے باعث چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلباء کیلئے تیار خوراک کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے ایک طیارہ جمعہ کو اسلام آباد سے روانہ ہو گا۔