’گھبرانا نہیں! کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے‘

ذخیرہ اندوز وں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، لوگ احتیاط کریں،شہربند کیے تو ایک طرف عوام وائرس سے متاثر ہوں گے ،دوسری طرف بھوک سے مریں گے: عمران خان کا قوم سے خطاب

431

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہے کہ کورونا وائرس سے گھبرانا نہیں ، حفاظتی اقدامات کرنے ہیں، بحیثیت قوم اِس وبا کا مقابلہ کریں گے ۔

منگل کی شب کورونا وائرس کے حوالے سے قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ’میرے پاکستانیو! کورونا وائرس کے حوالے سے بات کرنے کا اردارہ اس لیے کیا کیونکہ خدشہ تھا کہ ملک میں افراتفری پھیلے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے پاکستان نے 15 جنوری سے اقدامات شروع کردئیے تھے، ایئرپورٹس پر نو لاکھ افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شہروں کو بند کرنے کی تجویز آئی لیکن پاکستان کے حالات یورپ کی طرح بدترین نہیں ہوئے، دوسری بات یہ کہ ہمارے معاشی حالات ٹھیک نہیں، شہروں کو بند کریں گے تو ایک طرف عوام وائرس سے متاثر ہوں گے ،دوسری طرف بھوک سے مریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ 97 فیصد مریض اس وائرس سے صحت یاب ہورہے ہیں ،اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں ،حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، مجمعے میں جانے سے گریز کریں، وائرس ہاتھ ملانے سے پھیلتا ہے اس لیے ہاتھ نہ ملائیں اور ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں ۔

 یہ بھی پڑھیں:

 کورونا وائرس، ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند، مغربی سرحد سیل، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ

 کورونا وائرس نےعالمی معیشتوں کوہلا کر رکھ دیا،شائد پاکستان کے لیے ویسا تباہ کن ثابت نہ ہو

کورونا وائرس، امریکا کے ہنگامی اقدامات، 50 ارب ڈالر کی منظوری، تیل ذخیرہ کرنے کی ہدایت

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بین الاقوامی پروزایں تین ائیرپورٹس تک محدود کرنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کھیلوں اور دیگر ایونٹس کو ملتوی کرنے کے علاوہ تعلیمی اداروں کو بند کردیا ہے، اس کے علاوہ صوبوں میں رابطے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے،   نیشنل ڈیزاسٹرمنجمنٹ کے ذریعے وینٹی لیٹرز خریدنے کیلئے بھی آرڈرز دیے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی  تشکیل دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، اٹلی اور برطانیہ میں مختلف اقدامات کیے ہیں اور ہم ان سے سیکھ رہے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے۔صدر علوی چین گئے ہیں ،ہم ان سے بھی سیکھیں گے اور پھر مزید اقدامات کریں گے۔

معاشی حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ شادی ہالز اور کاروباری مراکز بند ہونے سے پاکستان کی معیشت مزید خراب ہوگی ، اس کے لیے رابطہ کمیٹی کام کرے گی کہ مہنگائی نہ ہو اور اس حوالے سے ہم آئی ایم ایف سے بھی بات کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ اس صورت حال سے ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے لیکن میں انہیں خبردار کرتا ہوں کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ باہر سے آرہے ہیں وہ خود کو کچھ دیر کے لیے اکیلے میں رکھیں اور ان کو دیکھیں اور احتیاط کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھانسی اور زکام پر ہسپتالوں میں ٹیسٹ کے لیے نہیں جائیں کیونکہ زکام سے کورونا نہیں ہوتا اور ہسپتالوں میں اتنی سہولتیں نہیں ہیں کہ ٹیسٹ کیے جائیں ، صرف ضرورت کے تحت ہسپتال جائیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ گھبرانا نہیں، سب کے ضروری ہے کہ احتیاط کریں، ایک قوم کی حیثیت سے ہم اس وبا کا مقابلہ کریں گے اور ان شااللہ کامیاب ہوں گے۔

ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں آپ کو جہاد کرنا ہے اور حکومت سے جہاں تک ممکن ہوا سہولتیں  اور مشینری فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ باہر ممالک میں موجود پاکستانی اطمینان رکھیں، زیادہ وقت انتظار نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ خوش خبری ہے کہ چین نے اس وائرس پر قابو پالیا ہے۔

علمائے کرام سے وزیراعظم نے کہا کہ آپ کی بڑی ذمہ داری ہے اور لوگوں کو مسلسل آگاہ رکھیں کہ ان کو اس مسلسل وقت کس طرح احتیاط کرنی ہے اور اس مشکل وقت سے کیسے گزرنا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 237 ہو چکی  ہے، سب سے زیادہ مریض سندھ سے سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 172 ہو چکی ہے، پنجاب میں 26، بلوچستان میں 16، خیبر پختونخوا میں 15 ، اسلام آباد میں 2 اور گلگت بلتستان میں اب تک پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں ابھی تک کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here